Search This Blog

Sunday, 24 June 2012

ہفتے میں ایک پائونڈ وزن کم کیجیے

ہفتے میں ایک پائونڈ وزن کم کیجیے

- صحت ڈائری
اگر آپ کے خیال میں کم چکنائی والی غذائیں استعمال کرنے کے باوجود آپ کے وزن میں اضافہ ہورہا ہے تو ایسا کریں کہ ہفتہ بھر کے دوران آپ دو یا تین دن جو کچھ کھاتے ہیں وہ اپنی ڈائری میں لکھ لیں اور اس ریکارڈ میں ہفتے کا آخری دن ضرور شامل کریں۔ ایک ماہرِ غذائیت کے مطابق ’’بعض اوقات لوگ جو کچھ فی الحقیقت کھا رہے ہوتے ہیں اس سے متعلق خود کو بے وقوف بناتے ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید بتایا: ’’ہم نے ایک شخص کے لیے کھانے سے متعلق تفصیلات ریکارڈ کرنے کا اہتمام کیا اور ہم نے دیکھا کہ وہ گاڑی چلاتے ہوئے بہت سا فاسٹ فوڈ (تیار کھانا) کھا گیا۔ اس کی کار فی الواقع اسے کھانے پر اکسانے کا سبب بنی۔ مختصر دورانیے میں کھانے کی سرگرمیوں کو ریکارڈ کرنے والا آلہ غذا کی شناخت کرنے اور خوراک کو چبانے کے انداز معلوم کرنے میں مدد دیتا ہے۔ جب آپ قریبی مارکیٹ میں کسی بھی ایسی جگہ جائیں گے جسے عام زبان میں فوڈ کورٹ یعنی کھانا کھانے کی جگہ کہتے ہیں تو آپ کو کھانا کھانے کی خواہش تڑپاکر رکھ دے گی اور آپ کو اندر ہی اندر لعن طعن کی کڑی سزا برداشت کرنا پڑے گی۔ لہٰذا بہتر یہی ہے کہ خریداری کے لیے کہیں جانے سے قبل کچھ کھا پی لیں، یوں اس بات کا بہت کم امکان ہوگا کہ آپ وہاں کھانے پینے کی اشیاء استعمال کریں یا انہیں للچائی ہوئی نظروں سے دیکھتے نظر آئیں۔ آہستہ آہستہ کھائیں اگر آپ جلدی جلدی کھانا کھانے کے عادی ہیں اور جو کچھ سامنے آئے اسے ہڑپ کرجانا چاہتے ہیں اور دوسرے لوگ تھوڑا تھوڑا لے کر کھا رہے ہیں، تو آپ اس سادہ سے اصول پر عمل کریں: جب تک آپ کے منہ میں کھانا موجود ہے چمچ یا کانٹا اپنے ہاتھ میں ہرگز نہ لیں۔ اس اصول پر عمل کرنے کے نتیجے میں یہ بھی ممکن ہے کہ آپ کو کھانے میں زیادہ لذت محسوس ہونے لگے۔ آپ کھانا کھانے کی رفتار اتنی ہی رکھیں جس رفتار سے آپ کے ساتھ بیٹھے ہوئے دوسرے لوگ کھا رہے ہیں۔ کھانا پکانے کے لیے اعلیٰ معیار کا برتن استعمال کریں: کم چکنائی والا کھانا پکانے میں اپنی دلچسپی برقرار رکھنے کے لیے کوئی اچھے معیار کا برتن یا دیگچی خریدیں۔ سبزیوں اور پھلوں کی قاشیں تیزی سے کاٹنے والا آلہ بھی حاصل کریں۔ رنگوں کا خیال رکھیں: کھانا ایسے کمرے میں تناول کریں جس کی دیواریں نیلے رنگ کی ہوں، سرخ نہ ہوں۔ تحقیق کے مطابق سرخ، زرد اور نارنجی رنگ طعام کو خوشنما بنادیتے ہیں اور کھانے والوں کی بھوک میں مزید اضافہ کرتے ہیں جب کہ سرد مزاج کے حامل نیلے یا خاکستری رنگوں کا اثر اس کے بالکل برعکس ہوتا ہے۔ موزونیٔ صحت: اگر روزانہ پیدل چلنا آپ کے لیے اکتاہٹ اور تھکاوٹ کا باعث بن رہا ہے تو آپ بعض ایسی تجاویز پر عمل کریں جو حراروں کو کم کرنے، عضلات کو طاقت دینے اور نفسیاتی مسائل کو ختم کرنے میں مدد دیتی ہیں۔ اس طرح آپ کی محنت مشقت میں یک گونہ تازگی آجائے گی اور وزن میں کئی پائونڈ کی کمی واقع ہوگی۔

No comments:

Post a Comment