نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم بحیثیت تاجر
از: مفتی محمد راشد ڈسکوی
رفیق شعبہٴ تصنیف وتالیف واستاذ جامعہ فاروقیہ کراچی
کائنات میں بسنے والے ہر ہر فرد
کی کامل رہبری کے لیے اللہ رب العزت کی طرف سے رحمة
للعالمین حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کو مبعوث کیا
گیا، سب سے آخر میں بھیج کر، قیامت تک کے لیے
آنجناب کے سر پر تمام جہانوں کی سرداری ونبوت کا تاج رکھ کر اعلان کر
دیا گیاکہ اے دنیا بھر میں بسنے والے انسانو! اپنی
زندگی کو بہتر سے بہتر اور پُرسکون بنانا چاہتے ہو تو تمہارے لیے رسول
اللہ صلی اللہ علیہ وسلمکی
مبارک ہستی میں بہترین نمونہ موجود ہے(الاحزاب:۲۱) ان سے رہنمائی حاصل کرو اور دنیا
وآخرت کی ابدی خوشیوں اور نعمتوں کو اپنا مقدر بناوٴ، گویا
کہ اس اعلان میں دنیا میں بسنے والے ہر ہر انسان کو دعوت ِعام دی
گئی ہے کہ جہاں ہو، جس شعبے میں ہو، جس قسم کی رہنمائی
چاہتے ہو، جس وقت چاہتے ہو، تمہیں مایوسی نہ ہو گی، تمہیں
تمہاری مطلوبہ چیز سے متعلق مکمل رہنمائی ملے گی، شرط یہ
ہے کہ تم میں طلبِ صادق ہو، چنانچہ! تاجر ہو یا کاشتکار،شریک ہو
یا مضارب، مزدور ہو یا کوئی بھی محنت کَش، ماں ہو یا
باپ، بیٹا ہو یا بیٹی، میاں ہو یا بیوی،
مسافر ہو یا مقیم، صحت مند ہو یا مریض، شہری ہو یا
دیہاتی، پڑھا لکھا ہو یا اَن پڑھ؛ اگر وہ چاہے کہ میرے لیے
میرے شعبے میں رہنمائی ملے، تو اس کے لیے جناب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی مبارک
ہستی میں نمونہ موجود ہے، مذکورہ آیتِ مبارکہ میں اللہ
تعالیٰ نے ہر شخص کے سامنے جنابِ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو لا کھڑا کیا
ہے کہ میرے اس محبوب کو دیکھو، تمہیں ہر چیز ملے گی،
اپنے سے متعلق روشنی حاصل کرو اور اس پر عمل پیرا ہو کر اللہ کے محبوب
بن جاوٴ، تفسیر ابن کثیر میں اس آیت کی تشریح
میں علامہ ابن کثیر رحمہ اللہ لکھتے ہیں:
”ھٰذہ
الآیة الکریمة أصلٌ کبیرٌ في التأسّي برسول اللہ صلی اللہ
علیہ وسلم في أقوالہ، وأفعالہ، وأحوالہ“ (تفسیر ابن کثیر، سورة
الأحزاب:۳۱، ۶/۳۹۱)
کہ یہ آیت کریمہ نبی
اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے
اقوال، افعال اور احوال کی اتباع کرنے میں بہت بڑی بنیادی
حیثیت رکھتی ہے۔
یہی
وجہ ہے کہ علماء امت نے امتِ محمدیہ کی آسانی اور سہولت کی
خاطر جنابِ رسول اللہ صلی اللہ
علیہ وسلم کی حیاتِ طیبہ کے ہر ہر پہلو کو پوری طرح
واضح کرنے کے لیے خوب سے خوب محنت کی، بے شمار کتب تصنیف کیں؛
تا کہ کوئی بھی شخص اپنے شعبے سے متعلق جنابِ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی مبارک
زندگی کو دیکھنا چاہے تو اسے بغیر دقّت کے آپ علیہ الصلاة
والسلام کی تعلیمات معلوم ہو سکیں، جنابِ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی اتباع
کرنا نبی اکرم صلی اللہ
علیہ وسلم کا ہم پر حق بھی ہے، اور محبت کا تقاضا بھی، اور یہ
بات بھی پوری طرح واضح رہنی چاہیے کہ یہ حق اور
تقاضا صرف ماہِ ربیع الاول کے پہلے بارہ دن یاپورے مہینے کے لیے
ہی نہیں؛ بلکہ پوری زندگی اور زندگی کے ہر ہر لمحے
کے لیے ہے۔
ان
سطور سے مقصود نبی اکرم صلی
اللہ علیہ وسلم کی پوری حیاتِ طیبہ کو سمیٹنا
نہیں ہے؛ بلکہ صرف آپ علیہ الصلاة والسلام کی سیرتِ طیبہ
سے تجارت کے پہلو کو واضح کرنا مقصود ہے،آپ علیہ الصلاة والسلام نے تجارت کا
پیشہ اپنایا اور رزقِ حلال سے اپنی زندگی کا رشتہ اُستوار
رکھا، نبوت کے اس پہلو کو سمجھنے کے لیے اس بات کو سمجھنا ضروری ہے کہ
نبی اکرم صلی اللہ علیہ
وسلم کی حیات ِ مبارکہ کے دو حصے ہیں، ایک: نبوت ملنے سے
قبل کا اوردوسرا: نبوت ملنے کے بعد کا، اول الذکر کا دورانیہ چالیس
سال ہے اور ثانی الذکر کادورانیہ تیئس سال، اس دوسرے حصے کے پھر
دو حصے ہیں، ایک: مکی دور اور دوسرا: مدنی دور۔
نبوت سے قبل کی معاشی کیفیت
نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا نبوت سے پہلے
والا دور مالی اور معاشی اعتبار سے کوئی خوش الحال دور نہیں
تھا؛ لیکن اس کے برعکس یہ کہنا بھی درست نہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم بہت ہی زیادہ
مفلوک الحال زندگی بسرکر رہے تھے؛ البتہ یہ ضرور تھا کہ آنجناب بچپن
سے ہی محنت ومشقت کر کے اپنی مدد آپ ضروریاتِ زندگی پورا
کرنے کا ذہن رکھتے تھے۔
والد کی طرف سے ملنے والی میراث
جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی پیدائش
ہوئی تو آپ کے سرسے والد کا سایہ اٹھ چکا تھا، ان کی طرف سے
بطورِ میراث بھی کوئی جائیداد آپ کی طرف منتقل نہیں
ہوئی تھی، جیسا کہ کتب ِ سیرت میں اس کی تفصیل
میں صرف یہ منقول ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو میراث
میں صرف پانچ اونٹ، چند بکریاں اور ایک باندی ملی،
جس کا نام ”ام ایمن“ تھا، (اس باندی کو بھی جنابِ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت خدیجہ
رضی اللہ عنہا سے شادی کے وقت یعنی: پچیس سال کی
عمر میں آزاد کر دیا تھا) اس کے علاوہ مزید کوئی چیز
میراث میں نہ ملی تھی، ملاحظہ ہو:
”ترک
عبدُ اللّٰہ بنُ عبدِ المطلب أمَ أیمنَ وخمسةَ أحمالِ أوارکَ، یعني:
تأکل الأراک، وقطعة غنم، فورث ذٰلک رسول اللّٰہ صلی اللہ
علیہ وسلم “․ (الطبقات الکبریٰ لابن
سعد، ذکر وفات عبد اللہ بن عبد المطلب: ۱/۸۰)
میراث
میں ملنے والی اشیاء اس قابل نہ تھیں کہ آپ کی
کفالت کے لیے کافی ہو جاتی، یہی وجہ تھی کہ دیہاتی
علاقوں سے آکر جو عورتیں بچوں کو پرورش اور تربیت کے لیے لے جایا
کرتی تھیں، آپ علیہ الصلاة والسلام کی طرف ان میں
سے کسی کا بھی رجحان آپ کی طرف نہیں ہوا کہ یہ تو یتیم
اور غریب بچہ ہے،اس کی پرورش کرنے پر ہمیں اس کی والدہ کی
طرف سے کچھ خاص معاوضہ نہ مل سکے گا، اور حضرت حلیمہ سعدیہ رضی
اللہ عنہا نے جو آپ علیہ الصلاة والسلام کا انتخاب کیا تھا، وہ بھی
ابتداء نہیں کیا تھا؛ بلکہ جب ان کے لیے کوئی اور بچہ نہ
بچا ، تو پھر ان کو خیال آیا چلو خالی ہاتھ واپس جانے کے بجائے
اس یتیم بچے کو ہی لے جانا چاہیے۔
دادا اور چچا کی کفالت میں
ان
ابتدائی دو سالوں میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی کفالت آپ
کے دادا عبد المطلب کرتے رہے، دو سال کے بعد آپ کے دادا بھی اس دنیا
سے رخصت ہو گئے، دادا کے انتقال کے بعد آپ کے چچا ابو طالب نے آپ کی کفالت
اپنے ذمہ لے لی، ابو طالب آپ کے حقیقی چچا تھے، جو بہت ہی
ذوق وشوق اور محبت سے آپ کی پرورش کرتے رہے اور آپ کی ضروریات
پوری کرنے کی اپنی مقدور بھر سعی کرتے رہے؛ چنانچہ ! آپ
کے چچا جب تجارت کی غرض سے دوسرے شہروں میں جاتے تو اپنے بھتیجے
کو بھی ہمراہ لے جاتے۔
بکریاں چرانا
مکہ مکرمہ میں حصولِ معاش کے لیے
عام طور پر گلہ بانی اور تجارت عام تھی؛ چنانچہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی حیاتِ
مبارکہ کی ابتداء میں ہی اپنے معاش کے بارے میں از خود
فکر کی، ابتداء ً اہلِ مکہ کی بکریاں اجرت پر چراتے تھے، بعد میں
تجارت کا پیشہ بھی اختیار کیا، اور یہ کوئی عیب
کی بات نہیں تھی؛ بلکہ یہ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی عظمت
اور تواضع کی کھلی دلیل ہے؛ اس لیے کہ بکریاں چرانے
والے شخص میں جفاکشی، تحمل وبردباری اور نرم دلی پیدا
ہو جاتی ہے؛ اس لیے کہ بکریاں چرانا معمولی کام نہیں
ہے؛ بلکہ بہت ہی زیادہ ہوشیاری اور بیدار مغزی
والا کام ہے؛ اس لیے کہ بکریاں بہت کمزور مخلوق ہوتی ہیں،
تیز اور پھرتیلی ہوتی ہیں، انھیں قابو میں
رکھنے کے لیے بھی خوب پھرتی کی ضرورت ہوتی ہے، دوسری
بات یہ ہے کہ اس جانور کے قابو سے باہر ہونے کی صورت میں ان پر
غصہ اتارنا بھی ممکن نہیں، یعنی: غصہ کی وجہ سے مار
بھی نہیں سکتے؛ کیونکہ وہ کمزور ہوتی ہیں، اس بنا
پر بکریاں چرانے والوں میں کافی تحمل پیدا ہو جاتا ہے، یہی
وجہ ہے کہ تمام انبیاء کرام علیہم السلام نے بکریاں چرائی
ہیں، اسی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
”ما
بعث اللہ نبیاً إلّا رعیٰ الغنمَ، فقال أصحابُہ: وأنتَ؟ فقال:
نعم! کنتُ أرعاھا علیٰ قَراریط لأھلِ مکةَ․ (صحیح البخاري، کتاب الإجارات،
باب رعی الغنم علی قراریط، رقم الحدیث: ۲۲۶۲)
نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:
اللہ نے جو بھی نبی بھیجا، اس نے بکریاں ضرور چرائیں،
صحابہ نے پوچھا کہ یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم! کیا
آپ نے بھی ؟ آپ صلی اللہ
علیہ وسلم نے جواب دیا: ہاں! میں بھی مکہ والوں کی
بکریاں قراریط پر چراتا تھا۔
”قراریط“ سے کیا مراد ہے؟
اس میں اختلاف ہے ، بعض کا قول یہ ہے کہ یہ درہم یا دینار
کے ایک ٹکڑے کا نام ہے، اس صورت میں مطلب یہ بنے گا کہ کچھ قراریط
کے عوض بکریاں چرائیں، اور بعض کا قول ہے کہ یہ مکہ مکرمہ کے ایک
محلہ ”جیاد“کا نام ہے، اس صورت میں مطلب یہ ہو گا کہ مقام قراریط
میں بکریاں چرائیں، علامہ ابن ملقن رحمہ اللہ نے اسی قول
کو ترجیح دی ہے کہ یہ ایک جگہ کا نام ہے۔(التوضیح
لشرح الجامع الصحیح ، کتاب الإجارات، باب رعی الغنم، رقم الحدیث:
۲۲۶۲، ۱۵/
۳۵، ۳۶)
اسی طرح ایک بار نبی
اکرم صلی اللہ علیہ وسلم
صحابہ رضی اللہ عنہم کے ساتھ جنگل تشریف لے گئے، صحابہ بیریاں توڑ توڑ کر کھانے لگے، تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:
جو خوب سیاہ ہوں وہ کھاوٴ، وہ زیادہ مزے کی ہوتی ہیں،
یہ میرا اس زمانے کاتجربہ ہے، جب میں بچپن میں یہاں
بکریاں چرایا کرتا تھا۔ (صحیح
ابن حبان، کتاب الإجارة، ذکر العلة التي من أجلھا قال صلی اللہ علیہ
وسلم للکباث الأسود: إنہ أطیب من غیرہ، رقم الحدیث: ۵۱۴۴، ۱۱/۵۴۴)
ملک ِ شام کی طرف پہلا سفر
نبی
اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے
شام کی طرف دو سفر کیے، پہلا: اپنے چچا کے ہمراہ؛ لیکن اس سفر میں
آپ صلی اللہ علیہ وسلم بطورِ
تاجر شریک نہ تھے؛بلکہ محض تجارتی تجربات حاصل کرنے کے لیے آپ
کے چچا نے آپ کو ساتھ لیا تھا، اسی سفر میں بحیرا راہب
والا مشہور قصہ پیش آیا، جس کے کہنے پر آپ کے چچا نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو حفاظت کی
خاطر مکہ واپس بھیج دیا۔ (الطبقات
الکبریٰ، ذکر أبي طالب وضمہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم
إلیہ، وخروجہ معہ إلی الشام في المرة الأولی: ۱/۹۹)
ملکِ شام کی طرف دوسرا سفر
اور دوسرا سفر: آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے بطور تاجر
حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا کا سامان لے کر اجرت پر کیا۔قصہ
کچھ اس طرح پیش آیا کہ جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم پچیس برس
کے ہوگئے تو آپ کے چچا ابو طالب نے کہا کہ اے بھتیجے! میں ایسا
شخص ہوں کہ میرے پاس مال نہیں ہے، زمانہ کی سختیاں ہم پر
بڑھتی جا رہی ہیں، تمہاری قوم کا شام کی طرف سفر
کرنے کا وقت قریب ہے، خدیجہ بنت خویلد اپنا تجارتی سامان
دوسروں کو دے کر بھیجا کرتی ہے، تم بھی اجرت پر اس کا سامان لے
جاوٴ، اس سے تمہیں معقول معاوضہ مل جائے گا، یہ گفتگو حضرت خدیجہ
کو معلوم ہوئی تو اس نے خود آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو پیغام بھیج
کر بلوایا کہ جتنا معاوضہ اوروں کو دیتی ہوں، آپ کو اس سے دوگنا
دوں گی، اس پر ابو طالب نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو کہا کہ یہ
وہ رزق ہے جو اللہ نے تمہاری جانب کھینچ کر بھیجا ہے، اس کے بعد
آپ صلی اللہ علیہ وسلم قافلے
کے ساتھ شام کی طرف روانہ ہوئے، آپ کے ہمراہ حضرت خدیجہ کا غلام ”میسرہ
“بھی تھا، جب قافلہ شام کے شہر بصریٰ میں پہنچا تو وہاں
نسطورا راہب نے آپ صلی اللہ
علیہ وسلم میں نبوت کی علامات پہچان کر آپ کے نبی آخر
الزمان ہونے کی پیشین گوئی کی۔
دوسرا اہم واقعہ یہ پیش آیا
کہ جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم
نے تجارتی سامان فروخت کر لیا تو ایک شخص سے کچھ بات چیت
بڑھ گئی، اس نے کہا کہ لات وعزیٰ کی قسم اٹھاوٴ، تو
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے
فرمایا: ”مَا حَلَفْتُ بِھِمَا قَطُّ، وَإنّي لَأَمُرُّ فَأَعْرِضُ
عَنْھُمَا“․میں نے کبھی ان دونوں کی قسم نہیں کھائی،
میں تو ان کے پاس سے گذرتے ہوئے ان سے منہ موڑلیتا ہوں۔اس شخص
نے یہ بات سن کر کہا، حق بات تو وہی ہے، جو تم نے کہی، پھر اس
شخص نے میسرہ سے مخاطب ہو کر کہا: ”ھٰذا
وَاللّٰہِ نَبِيٌ، تَجِدُہ أَحْبَارُنَا مَنْعُوْتاً فِيْ
کُتُبِھِمْ“۔خدا کی قسم یہ تو وہی نبی ہے، جس کی صفات
ہمارے علماء کتابوں میں لکھی ہوئی پاتے ہیں۔
تیسرا واقعہ یہ پیش
آیا کہ میسرہ نے دیکھا کہ جب تیز گرمی ہوتی
تودو فرشتے نبی اکرم صلی اللہ
علیہ وسلم پر سایہ کر رہے ہوتے تھے، یہ سب کچھ دیکھ کر میسرہ
تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے
بہت ہی زیادہ متاثر تھا، واپسی میں ظہر کے وقت جب واپس
پہنچے تو حضرت خدیجہ نے اپنے بالاخانے میں بیٹھے بیٹھے دیکھا
کہ نبی اکرم صلی اللہ
علیہ وسلم اونٹ پر بیٹھے اس طرح تشریف لا رہے تھے کہ دو فرشتوں
نے آپ پر سایہ کیا ہوا تھا، حضرت خدیجہ اور ان کے ساتھ بیٹھی
ہوئی عورتوں نے یہ منظر دیکھ کر بہت تعجب کیا، اور پھر جب
میسرہ کی زبانی سفر کے عجائب، نفعِ کثیر اور نسطورا راہب
اور اس جھگڑا کرنے والے شخص کی باتیں سنیں تو بہت زیادہ
متاثر ہوئیں، حضرت خدیجہ بہت زیادہ دور اندیش، مستقل
مزاج، شریف، با عزت اور بہت مال دار عورت تھیں، انھوں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو نکاح کا پیغام
بھیج کر نکاح کر لیا، اس وقت نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی عمر
مبارک پچیس سال اور حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا کی عمر چالیس
سال تھی۔ (ملخّص من الطبقات الکبریٰ،
ذکر خروج رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم إلی الشام في المرة
الثانیة، ذکر تزویج رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم خدیجة
بنت خویلد: ۱/۱۰۷-۱۰۹)
یمن کی طرف دو سفر
جو تجارتی اسفار نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت خدیجہ
رضی اللہ عنہاکی وجہ سے کیے، ان میں دو سفر یمن کی
طرف بھی تھے، امام حاکم رحمہ اللہ نے المستدرک میں نقل کیا ہے:
”استأجرتْ
خدیجةُ رضوانُ اللّٰہ علیھا رسولَ اللّٰہ صلی اللہ
علیہ وسلم سفرتین إلیٰ جُرَشَ، کل سفرةٍ بقَلوصٍ“․
(المستدرک علی الصحیحین، کتاب معرفة الصحابة، ومنھم خدیجة
بنت خویلد، رقم الحدیث: ۴۸۳۴، ۳/۲۰۰)
کہ حضرت خدیجہ رضی اللہ
عنہا نے نبی اکرم صلی اللہ
علیہ وسلم کو جرش (یمن کے ایک مقام)کی طرف دو بار تجارت
کے لیے اونٹنیوں کے عوض بھیجا۔
بحرین کی طرف سفر
نبوت سے قبل آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے بحرین
کی طرف سفر کرنے کا بھی اشارہ ملتا ہے، وہ اس طرح کہ جس طرح آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں
عرب کے تمام دور دراز مقامات سے وفود حاضر خدمت ہوتے رہے، انھیں وفود میں
بحرین سے وفدِ عبد القیس بھی آیا، تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اہلِ وفد سے
بحرین کے ایک ایک مقام کا نام لے کر وہاں کے احوال دریافت
فرمائے، تو لوگوں نے تعجب سے پوچھا، کہ اے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم! آپ تو ہمارے
ملک کے احوال ہم سے بھی زیادہ جانتے ہیں، تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے جواب میں
ارشاد فرمایا: کہ ہاں میں تمہارے ملک میں خوب گھوما
ہوں۔(ملاحظہ فرمائیں: مسند أحمد بن حنبل، بقیة حدیث وفد
عبد القیس، رقم الحدیث: ۱۵۵۵۹، ۲۴/۳۲۷)
تجارتی اسفار میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے خصائلِ حمیدہ
نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اپنی عمر
مبارک کے پچیسویں سال تک تجارتی اسفار میں اپنے اخلاقِ کریمانہ،
حسنِ معاملہ، راست بازی، صدق ودیانت کی وجہ سے اتنے زیادہ
مشہور ہو چکے تھے کہ خلقِ خدا میں آپ ”صادق وامین “کے لقب سے مشہور ہو
گئے تھے، لوگ کُھلے اعتماد کے ساتھ آپ کے پاس بے دھڑک اپنی امانتیں رکھواتے
تھے، انھیں خصائل کی بنا پر حضرت خدیجہ بن خویلد رضی
اللہ عنہا کی رغبت نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف
ہوئی تھی اور پیغام ِ نکاح بھیج دیا تھا۔
لڑائی جھگڑے سے پرہیز کرنا
تجارتی معاملات کی کامیابی
کے لیے معاملات کی صفائی اور لڑائی جھگڑے سے پرہیز
اہم ترین کردار ادا کرتا ہے اور یہ صفات نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم میں بدرجہٴ
اتم موجود تھیں؛ چنانچہ حضرت قیس فرماتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم زمانہٴ
جاہلیت میں میرے شریک ہوتے تھے، اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم شرکاء میں
سے بہترین شریک تھے، نہ لڑائی کرتے تھے اور نہ ہی جھگڑا
کرتے تھے۔ (الإصابة في تمییز الصحابة، القاف بعدھا الیاء،
۵/۴۷۱)
بحث وتکرار سے اجتناب
مسلمان تاجر کی صفات میں
سے ایک صفت معاملات کے وقت شور شرابا اور آپس کی بے جا بحث وتکرار سے
بچنا بھی ہے، اور آپ صلی اللہ
علیہ وسلم کے اس وصف عظیم کی گواہی زمانہٴ نبوت سے
پہلے بھی دی جاتی تھی؛ چنانچہ حضرت عبد اللہ بن سائب رضی
اللہ عنہ فرماتے ہیں، میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمتِ
اقدس میں حاضر ہوا تو آپ کے اصحاب رضی اللہ عنہم آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے میری
تعریف اور میرا تذکرہ کرنے لگے، تو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:
میں تمہاری نسبت ان سے زائد واقف ہوں، میں نے کہا : میرے
ماں باپ آپ پر قربان ہوں یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم! آپ
سچ فرماتے ہیں، آپ زمانہٴ جاہلیت میں میرے شریک
ہوتے تھے، اور آپ کتنے بہترین شریک ہوتے تھے کہ نہ شور شرابا (بحث
وتکرار) کرتے تھے اور نہ جھگڑا کرتے تھے۔ (سنن
أبي داوٴد، کتاب الأدب، باب في کراھیة المراء، رقم الحدیث: ۴۸۳۸)
ایفائے وعدہ
وعدوں کی پاسداری تجّار کی
بہت بڑی خوبی شمار ہوتی ہے، آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے اندر یہ
وصف کیسا تھا؟ اس بارے میں ”حضرت عبد اللہ بن ابی حمسآء رجی
اللہ عنہ “ سے روایت ہے کہ میں نے نبوت ملنے سے قبل آپ سے خرید
وفروخت کا ایک معاملہ کیا، خریدی گئی شئے کی
قیمت میں سے کچھ رقم میرے ذمہ باقی رہ گئی، تو میں
نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے
وعدہ کیا کہ میں کل اسی جگہ آ کر آپ کو بقیہ رقم ادا کر
دوں گا، پھر میں بھول گیا، اور مجھے تین روز بعد یاد آیا،
میں اس جگہ گیا، تو دیکھا کہ جناب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اسی جگہ
تشریف فرما ہیں، آپ صلی
اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اے نوجوان! تم نے مجھے اذیت پہنچائی،
میں تین دن سے اسی جگہ پر تمہارا منتظر ہوں۔ (سنن أبي داوٴد،
کتاب الأدب، باب في العدة، رقم الحدیث: ۴۹۹۸)
نبوت کے بعد معاشی صورتِ حال
جناب ِ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے نبوت مل جانے
کے بعد حصول معاش کے لیے کچھ کیا یا نہیں؟ اس بارے میں
بالاتفاق قولِ فیصل یہ ہے کہ بعثت کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی
محنت اور توجہ صرف اور صرف احیائے دینِ متین کی طرف مبذول
کر دی تھی، بعثت کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے کسی بھی
قسم کی معاشی مشغولیت کا ثبوت نہیں ملتاہے؛ البتہ ! دین
کے دیگر شعبوں کی طرف راہنمائی کی طرح اس شعبے کی
بھی بہت واضح اور تفصیلی انداز میں راہنمائی کی،
اس میدان سے کامیابی کے ساتھ گذرجانے والوں کو جہاں بہت بڑی
بڑی بشارتیں سنائیں تو وہاں اس میدان کے چور، ڈاکووٴں
اور خائنوں کو وعیدیں سنا سنا کر انھیں لوٹ آنے کی طرف بھی
متوجہ کیا، نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے فرمودات کا
جائزہ لیا جائے تو عبادت کے احکام اور معاملات کے احکام میں ایک
اور تین کی نسبت نظر آئے گی، یعنی : عبادات سے
متعلق احکام ایک ربع اور معاملات سے متعلق احکام تین ربع ملیں
گے؛ چنانچہ کتبِ فقہ میں اہم ترین کتاب” ہدایہ “کو دیکھ لیا
جائے کہ اس کی چار ضخیم جلدوں میں سے صرف ایک جلد عبادات
کے بارے میں ہے اور تین جلدیں معاملات کے بارے میں ہیں،
اسی سے شعبہٴ معاملات کی اہمیت کا اندازہ کر لیا
جائے۔
ایک غلط ذہن کی اصلاح
موجودہ دور میں ایک طبقہ
کم عقلی اور کم علمی کی وجہ سے یہ ذہن رکھتاہے کہ محنت
کرنے اور کمانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے، اللہ تعالیٰ
تو رزق دینے میں ہماری محنت کے محتاج نہیں ہیں، وہ
ایسے بھی دینے پر قادر ہیں، لہٰذا ہمیں کچھ
کرنے کی کوئی ضرورت نہیں، ہم تو اعمال کے ذریعے اللہ سے لیں
گے، اسباب کے ذریعے نہیں۔
تو اس بارے میں اچھی طرح
جان لینا چاہیے کہ ایک ہے اسباب کا اختیار کرنا اور انھیں
استعمال کرنا، اور ایک ہے ان اسباب کو دل میں اتارنا، اور ان پر یقین
رکھنا؛ پہلی چیز کو اپنانا محمود اور مطلوب ہے اور دوسری چیز
کو اپنانا مذموم ہے، ہماری محنت کا رُخ یہ ہونا چاہیے کہ ہم ان
اسباب کی محبت اور یقین دل سے نکالیں اور اس کے برعکس یقین
اللہ تعالیٰ پر رکھیں کہ ہماری ہر طرح کی ضروریات
پوری کرنے والی ذات؛ اللہ تعالیٰ کی ذات ہے، وہ
چاہے تو اسباب کے ذریعے ہماری حاجات وضروریات پوری کر دے
اور چاہے تو ان اسباب کے بغیر محض اپنی قدرت سے ہماری ضروریات
وحاجات پوری کر دے، وہ اس پر پوری طرح قادر اور خود مختار ہے؛ البتہ ہم
دنیا میں اسباب اختیار کرنے کے پابند ہیں؛ تاکہ بوقتِ
حاجت وضرورت ہماری نگاہ وتوجہ غیر اللہ کی طرف نہ اٹھ
جائے۔
اس بات میں تو کوئی شک
وشبہ ہے ہی نہیں کہ اللہ رب العزت ہماری محنتوں کے محتاج نہیں
ہیں؛ لیکن کیا شریعت کا مزاج اور منشا بھی یہی
ہے کہ ہم ہاتھ پر ہاتھ رکھے بیٹھے رہیں، بالخصوص جب اس ترکِ اسباب کا
نتیجہ یہ نکلتا ہو کہ بیوی، بچوں اور والدین کے
حقوق تلف ہوتے ہیں اور یہ غیروں کے اموال کی طرف حرص وہوس
کے ساتھ دیکھتا رہتا ہے، تو یاد رکھیں کہ اس طرح کے لوگوں کو شریعت
اس طرزِ عمل کی تعلیم نہیں دیتی؛ بلکہ سیرتِ
نبوی اور سیرتِ صحابہ تو حلال طریقے سے کسب ِ معاش کی تعلیم
دیتی ہے، ایسے بے شمار واقعات ہیں جن سے یہ سبق ملتا
ہے کہ کماکر کھاوٴ، دوسرے کے سامنے ہاتھ نہ پھیلاوٴ، یہ
بات یاد رکھنے کی ہے کہ تونگری کی وجہ سے آج کے دور میں
ہمارا دین وایمان محفوظ رہے گا، ورنہ اندیشہ ہے کہ اختیاری
فقر وفاقہ کہیں کفر وشرک کے قریب ہی نہ لے جائے۔ہاں! اولیاء
اللہ اور یقین و توکل کے اعلیٰ درجہ پر فائض لوگوں کا
معاملہ اور ہے۔
حضرت سفیان ثوری رحمہ اللہ کی ذریں
نصائح
حضرت سفیان ثوری رحمہ اللہ
فرماتے ہیں کہ گذشتہ زمانہ میں مال کو بُراسمجھا جاتا تھا؛ لیکن
جہاں تک آج کے زمانہ کا تعلق ہے تو اب مال ودولت مسلمانوں کی ڈھال ہے، حضرت
سفیان ثوری رحمہ اللہ نے یہ بھی فرمایاکہ اگر یہ
درہم ودینار اور روپیہ پیسہ نہ ہوتا تو یہ سلاطین
وامراء ہمیں رومال بناکر ذلیل وپامال کر ڈالتے، نیز! انہوں نے
فرمایا: کسی شخص کے پاس اگر تھوڑا بہت بھی مال ہو تو اس کو چاہیے
کہ وہ اس کی اصلاح کرے؛ کیوں کہ ہمارا یہ زمانہ ایسا ہے
کہ اس میں اگر کوئی محتاج ومفلس ہو گا تو اپنے دین کو اپنے ہاتھ
سے گنوانے والا سب سے پہلا شخص وہی ہو گا۔ (حلیة
الأولیاء طبقات الأصفیاء، سفیان الثوري، ۶/
۳۸۱)
توضیحات شرح مشکاة میں
لکھا ہے: پچھلے زمانہ میں مال ودولت کو ناپسند کیا جاتا تھا، موٴمن
اورمتقی حضرات مال کو مکروہ سمجھتے تھے؛ کیوں کہ عام ماحول زہد وتقویٰ
کا تھا، لوگ غریب و فقیر کو ذلیل وفقیر نہیں سمجھتے
تھے، مالی کمزوری کی وجہ سے اس کے ایمان کو تباہ نہیں
کرتے تھے، نیز بادشاہ اور حکمران بھی اچھے ہوتے تھے، جو غریب کو
سنبھالا دیتے تھے؛ اس لیے لوگ مال ودولت اکٹھا نہیں کرتے تھے
اور اکٹھا کرنے کو معیوب سمجھتے تھے؛ مگر اب معاملہ اس کے برعکس ہے کہ غریب
وفقیر آدمی کو معاشرہ میں ذلیل وحقیر سمجھتے ہیں،
اور پیسے کی بنیاد پر اس کے ایمان کو خریدا جاتا
ہے، نیز حکمران بھی خیر خواہ نہیں رہے، تو نتیجہ یہ
نکلے گا کہ غریب آدمی مالداروں اور حکمرانوں کا دستِ نگر اور دست وپاہ
بن جائے گا، اور ان کے ہاتھ صاف کرنے اور میل کچیل صاف کرنے کے لیے
تولیہ اور رومال بن جائے گا۔
پھر مزید لکھا ہے: جس شخص کے پاس
اس مال میں سے کچھ بھی ہو وہ اس کی اصلاح کرے، مطلب یہ کہ
تھوڑا پیسہ بھی ہو تو اس کو کسی کاروبار میں لگا دے، یہ
اس کی ترقی وبڑھوتری ہے، یا پھر اصلاح کا مطلب یہ
ہے کہ اس کو قناعت کے ساتھ خرچ کرے ، اسراف نہ کرے۔ (۷/۳۷۵، مکتبہ عصریہ، کراچی)
کمائی کے ذرائع
کسبِ معاش کے بہت سے ذرائع ہیں،
ان میں سے کون سا افضل ہے ؟! اس کی تعیین میں سلفِ
صالحین کا اختلاف ہے، اس بارے میں شیخ الحدیث حضرت مولانا
محمد زکریا صاحب کاندہلوی رحمہ اللہ کی ایک بہترین
کتاب ”فضائل ِ تجارت“ سے خلاصةً کچھ بحث ذیل میں نقل کی جاتی
ہے۔
حضرت شیخ الحدیث صاحب رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
”میرے نزدیک کمائی
کے ذرائع تین ہیں: تجارت، زراعت اور اجارہ۔ اورہر ایک کے
فضائل میں بہت کثرت سے احادیث ہیں، بعض حضرات نے صنعت و حرفت کو
بھی اس میں شامل کیا ہے، جیسا کہ اوپر گذرا۔ میرے
نزدیک وہ ذرائع آمدنی میں نہیں، اسبابِ آمدنی میں
ہے اور آمدنی کے اسباب بہت سے ہیں: ہبہ ہے، میراث ہے، صدقہ ہے،
وغیرہ وغیرہ۔ جنہوں نے اس کو کمائی کے اسباب میں
شمار کیا ، میرے نزدیک صحیح نہیں؛ اس لیے کہ
نرا صنعت وحرفت کمائی نہیں ہے؛ کیوں کہ اگر ایک شخص کو
جوتے بنانے آتے ہیں یا جوتے بنانے کا پیشہ کرتا ہے، وہ جوتے بنا
بنا کر کوٹھی بھر لے ، اس سے کیا آمدنی ہو گی؟ یا
تو اس کو بیچے گا یا (پھر یہ جوتے) کسی کا نوکر ہو کر اس
کا (مال)بنائے۔یہ دونوں طریقے تجارت یا اجارہ میں آ
گئے، اور اس سے بھی زیادہ قبیح ”جہاد“ کو کمائی کے اسباب
میں شمار کرنا ہے؛ اس لیے کہ جہاد میں اگر کمائی کی
نیت ہو گئی تو جہاد ہی باطل
ہے․․․․․․․․․ میں
پہلے لکھ چکا ہوں کہ میرے نزدیک تجارت افضل ہے، وہ بحیثیت
پیشہ کے ہے؛ اس لیے کہ تجارت میں آدمی اپنے اوقات کا مالک
ہوتا ہے، تعلیم وتعلم، تبلیغ، افتاء وغیرہ کی خدمت بھی
کر سکتا ہے، لہٰذا اگر اجارہ دینی کاموں کے لیے ہوتو وہ
تجارت سے بھی افضل ہے؛ اس لیے کہ وہ واقعی دین کا کام ہے؛
مگر شرط یہ ہے کہ وہی دین کا کام مقصود ہو اور تنخواہ بدرجہٴ
مجبوری ہے۔ میرے اکابرِ دیوبند کا زیادہ معاملہ اسی
کا رہا، اور اس کا مدار اِس پر ہے کہ کام کو اصل سمجھے اور تنخواہ کو اللہ کا عطیّہ؛اس
لیے اگر کسی جگہ پر کوئی دینی کام کر رہا ہو، تدریس،
افتاء وغیرہ اور اس سے زیادہ کسی دوسرے مدرسہ میں تنخواہ
ملے، تو پہلی جگہ کو محض کثرتِ تنخواہ کی وجہ سے نہ چھوڑے۔میں
نے جملہ اکابر کا یہ معمول بہت اہتمام سے ہمیشہ دیکھا، جس کو آپ
بیتی نمبر۶، صفحہ ۱۵۵ میں لکھوا چکا ہوں کہ انہوں نے
اپنی تنخواہوں کو ہمیشہ اپنی حیثیت سے زیادہ
سمجھا
․․․․․․․․․․․․․․
درحقیقت میرے اکابر کے بہت سے واقعات اس کی تائید میں
ہیں کہ تنخواہ اصل یا معتد بہ چیز نہیں سمجھتے تھے۔
جیسا میں نے اوپر لکھا اور تنخواہ محض عطیہٴ الٰہی
سمجھتے تھے، جو ہم لوگوں میں بالکل مفقود ہے، یہی وہ چیز
ہے جس کی بنا پر میں اجارہٴ تعلیم کو سب انواع سے افضل
لکھا ہے۔
․․․․․․․․․․․․․․․اس
ملازمت کے بعد تجارت افضل ہے؛ اس لیے کہ تاجر اپنے اوقات کا حاکم ہوتا ہے،
وہ تجارت کے ساتھ دوسرے دینی کام تعلیم، تدریس، تبلیغ
وغیرہ بھی کر سکتا ہے، اس کے علاوہ تجارت کی فضیلت میں
مختلف آیات واحادیث ہیں؛ چنانچہ ارشادِ باری تعالیٰ
ہے:
﴿إن
اللّٰہ اشتریٰ من الموٴمنین أنفسھم وأموالھم بأن
لھم الجنة﴾(التوبة: ۱۱۱)
خدا نے موٴمنوں سے ان کی
جانیں اور ان کے مال خرید لیے ہیں، (اور اس کے)عوض میں
اُن کے لیے بہشت (تیار) کی ہے۔
اور بھی بہت سی آیات
تجارت کی فضیلت میں ہیں، ان کے علاوہ احادیث میں
ہے:
”التاجرُ
الصدوقُ الأمینُ مع النبیینَ والصدیقینَ والشھدآء“․(سنن
الترمذي، کتاب البیوع، التجار وتسمیة النبي صلی اللہ علیہ
وسلم إیاھم، رقم الحدیث:۱۲۰۹)
سچا، امانت دار تاجر(قیامت میں)
انبیاء، صدیقین اور شہدا کے ساتھ ہو گا۔
”إنّ
أَطْیَبَ الْکَسْبِ کَسْبُ التُّجَّارِ الَّذِیْنَ إذَا حَدّثُوْا
لَمْ یَکْذِبوا، وَإذَا ائْتُمِنُوْا لَمْ یَخُوْنُوْا، وإذَا
وَعَدُوا لَمْ یُخْلِفوا، وإذَا اشْتَرَوْا لَمْ یَذُمُّوْا، وَإذَا
بَاعُوا لَمْ یَمْدَحُوْا، وَإذَا کَانَ عَلَیْہِمْ لَمْ یَمْطُلُوا،
وَإذَا کَانَ لَھُمْ لَمْ یُعَسِروا“․(شعب
الإیمان للبیھقي، الرابع والثلاثون من شعب الإیمان وھو باب في
حفظ اللسان، رقم الحدیث: ۴۸۵۴)
بہترین کمائی اُن تاجروں کی
ہے، جو جھوٹ نہیں بولتے، امانت میں خیانت نہیں کرتے، وعدہ
خلافی نہیں کرتے اور خریدتے وقت چیز کی مذمت نہیں
کرتے (تا کہ بیچنے والا قیمت کم کر کے دے دے) اور جب (خود) بیچتے
ہیں، تو (بہت زیادہ) تعریف نہیں کرتے (تا کہ زیادہ
ملے) اور اگر ان کے ذمہ کسی کا کچھ نکلتا ہو تو ٹال مٹول نہیں کرتے
اور اگر خود ان کا کسی کے ذمہ نکلتا ہوتو وصول کرنے میں تنگ نہیں
کرتے۔
عن أنس
رضي اللّٰہ عنہ قال: قال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم:
”التاجِرُ الصَّدُوْقُ تَحْتَ ظِلِّ الْعَرْشِ یَوْمَ الْقِیَامَةِ“․(اتحاف
الخیرة المھرة بزوائد المسانید العشرة، کتاب الفتن، باب في التلاعن
وتحریم دم المسلم، رقم الحدیث:۷۷۵۲)
حضرت انس رضی اللہ عنہ سے مروی
ہے کہ نبی کریم صلی
اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ سچ بولنے والا تاجر قیامت میں
عرش کے سایہ میں ہو گا۔
عن أبي
أمامة رضي اللہ عنہ أنَّ رسولَ اللّٰہِ صلی اللہ علیہ وسلم قال:
”إن التاجِرَ إذَا کَانَ فیہ أربعُ خِصَالٍ طَابَ کَسْبُہ، إذا اشْتَریٰ
لَمْ یذُمَّ، وَإذَا بَاعَ لَمْ یَمْدَحْ، وَلَمْ یَدْلُسْ فِي
الْبَیْعِ، وَلَمْ یَحلِفْ فِیْمَا بَیْنَ ذٰلک“․(الترغیب
والترھیب، کتاب البیوع، باب فضل التاجر الأمین والترغیب
في الصدق في المعاملة، رقم الحدیث: ۷۹۷)
حضرت ابو امامہ رضی اللہ عنہ سے
مروی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلمنے فرمایا
کہ جب تاجر میں چار باتیں آ جائیں تو اس کی کمائی
پاک ہو جاتی ہے، جب خریدے تو اس چیز کی مذمت نہ کرے اور بیچے
تو (اپنی چیز کی بہت زیادہ) تعریف نہ کرے۔
اور بیچنے میں گڑ بڑ نہ کرے اور خرید و فروخت میں قسم نہ
کھائے۔
وعن حکیم
بن حزامٍ رضي اللہ عنہ أن رسولَ اللّٰہِ صلی اللہ علیہ وسلم
قال: ”اَلْبَیِّعَانِ بِالْخِیَارِ مَا لَمْ یَتَفَرَّقَا، فإنْ
صَدَقَا وَبَیَّنا بُورِکَ لَھُمَا فِيْ بَیْعِھِمَا، وإنْ کَتَمَا
وَکذَبا، فعسیٰ أن یربَحا رِبحاً، ویَمْحَقَا برَکةَ بَیْعِھِمَا“․ (صحیح
البخاري، کتاب البیوع، باب کان البائع بالخیار ھل یجوز البیع، رقم الحدیث: ۲۱۱۴)
حضرت حکیم بن حزام رضی
اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
کہ خرید وفروخت کرنے والے کو (بیع توڑنے کا) حق ہے، جب تک وہ اپنی
جگہ سے نہ ہٹیں۔ اگر بائع ومشتری سچ بولیں اور مال اور قیمت
کے عیب اور کھرے کھوٹے ہونے کوبیان کر دیں تو ان کی بیع
میں برکت ہوتی ہے اور اگر عیب کو چھپا لیں اور جھوٹے
اوصاف بتائیں تو شاید کچھ نفع تو کما لیں (لیکن) بیع
کی برکت ختم کر دہتے ہیں۔
قال
المناوي: رجالہ ثقات، ”تِسْعَةُ أَعْشَارِ الرِّزْقِ في التِّجَارَةِ، وَالْعُشْرُ
في المَوَاشِيْ، یعنی: النَّتَاج“․ (نظام
الحکومة النبویة المسمیٰ التراتیب الإداریة،
المقدمة الخامسة: باب ما ذکر في الأسواق، ۲/۱۲)
مناوی فرماتے ہیں: رزق کے
نو حصے تجارت میں ہیں اور ایک حصہ جانوروں کی پرورش میں
ہے۔
أخرج
الدیلمي عن ابن عباس رضي اللہ عنہما: ”أَوْصِیْکُمْ بِالتُّجَارِ خَیْرًا،
فإنَّھُمْ بُردُ الآفاق وأُمَنَاءُ اللّٰہِ في الأرض“․(نظام
الحکومة النبویة المسمیٰ التراتیب الإداریة،
المقدمة الخامسة: باب ما ذکر في الأسواق، ۲/۱۲)
حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما نے
فرمایا کہ میں تمہیں تاجروں کے ساتھ خیر کے برتاوٴ
کی وصیت کرتا ہوں؛ کیوں کہ یہ لوگ ڈاکیے اور زمین
میں اللہ کے امین ہیں۔
تجارت کے بعد میرے نزدیک
زراعت افضل ہے، زراعت کے متعلق حدیث میں آیا ہے، حضرت انس رضی
اللہ عنہ نے حضور اکرم صلی اللہ
علیہ وسلم کا ارشاد نقل کیا کہ : ”کوئی مسلمان جو درخت لگائے یا
زراعت کرے، پھر اس میں سے کوئی انسان یا پرندہ یا کوئی
جانور کھا لے تو یہ بھی اس کے لیے صدقہ ہے۔اور مسلم کی
روایت میں حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے منقول ہے کہ اس میں
سے کچھ چوری ہو جائے تو وہ بھی اس کے لیے صدقہ شمار ہوتا
ہے۔
اور ضرورت کے اعتبار سے بھی
زراعت اہم ہے؛ کیوں کہ اگر زراعت نہ کی جائے تو کھائیں گے کہاں
سے؟ !․․․․․․․․․ باقی
اپنی زمین دوسرے کو دینا، مزارعت کہلاتا ہے، زراعت اور چیز
ہے اور مزارعت اور چیز ہے۔ حاصل یہ ہے کہ قواعدِ شرعیہ کی
رعایت ہر چیز میں ضروری ہے، جیسا کہ اس بارے میں
أوجز المسالک:۵/ ۲۲۰، باب کراء الأرض میں بہت لمبی
بحث کی گئی ہے۔ اور شرعی حدود کی رعایت ان ہی
تینوں میں نہیں؛ بلکہ دین کے ہر معاملہ میں ضروری
ہے۔․․․․․․․․․․
ان سب کے بعد نہایت ضروری اور اہم امر یہ ہے کہ کسب کے؛ بلکہ ہر
عمل میں شریعتِ مطہرہ کی رعایت ضروری ہے، جس کو احیاء
العلوم: ۲/۶۴ میں مستقل باب کے تحت بیان
کیا ہے؛ چنانچہ امام غزالی رحمہ اللہ تحریر فرماتے ہیں:
”بیع اور شراء کے ذریعہ
مال حاصل کرنے کے مسائل سیکھنا ہر مسلمان پر واجب ہے، جو اس مشغلہ میں
لگا ہوا ہو؛ کیوں کہ طلبِ علم کرنا ہر مسلمان پر فرض ہے اور اس سے ان تمام
مشاغل کا علم طلب کرنا مراد ہو گا، مشغلہ رکھنے والوں کو جن مسائل کی حاجت
ہو۔ اور کسب کرنے والاکسب کے مسائل جاننے کا محتاج ہے اور جب اس سلسلہ کے
احکام جان لے تو معاملات کو فاسد کرنے والی چیزوں سے واقف ہو جائے گا،
لہٰذا ان سے بچے گا، اور ایسے شاذ ونادر مسائل جو باعث اشکال ہوں،ان
کے ہوتے ہوئے معاملہ کرنے میں سوال کر کے علم حاصل کرنے تک توقف کرے گا؛ کیوں
کہ جب کوئی شخص معاملات کو فاسد کرنے والے امور کو اجمالی طور پر نہ
جانے تو اسے یہ معلوم نہیں ہو سکتاکہ میں کس کے بارے میں
توقف کروں اور سوال کر کے اس کو جانوں۔ اگر کوئی شخص یہ کہے کہ
میں پیشگی علم حاصل نہیں کرتا، اس وقت تک کام کرتا رہوں
گا؛ جب تک کوئی واقعہ پیش نہ آجائے، جب کوئی واقعہ پیش
آئے گا تو معلوم کر لوں گا، تو اس شخص کو جواب دیا جائے گا کہ جب تک تو
اِجمالی طور پر معاملات کو فاسد کرنے والی چیزوں کو نہ جانے گا
تجھے کیسے پتہ چلے گاکہ مجھے فلاں موقع پر معلوم کرنا چاہیے۔
جسے اجمالی علم بھی نہ ہو وہ برابر تصرفات کرتارہے گا اور ان کو صحیح
سمجھتا رہے گا۔ لہٰذا علم تجارت سے اوّلا اس قدر جاننا ضروری ہے
کہ جس سے جائز وناجائز میں تمیز ہو اور یہ پتہ چل سکے کہ کون سا
معاملہ وضاحت کے ساتھ جائز ہے اور صحیح ہے، اور کس میں اشکال
ہے۔“(ملخص من فضائل تجارت، ص: ۴۸-۷۲، مکتبة البشریٰ)
اِن تفصیلات کے بعد ہم سب کے لیے
از حد ضروری ہے کہ ہم حدودِ شرعیہ کے اندر رہتے ہوئے کسبِ معاش کریں،
اور حصول معاش سے قبل اس کا علم شرعی ضرور بالضرور حاصل کر لیں، مبادا
یہ کہ یہ کمائی کل بروزِ قیامت ہمارے لیے وبال بن
جائے اور ہماری آخرت برباد ہو جائے۔
یہی وجہ تھی کہ حضرت
عمر رضی اللہ عنہ فرمایا کرتے تھے کہ ہمارے بازار میں وہی
شخص خرید وفروخت کیا کرے، جس نے اپنے اس کاروبار سے متعلق علم حاصل کر
لیا ہو۔
”لَا یَبِیْعُ
فِيْ سُوْقِنَا إلّا مَنْ قَدْ تَفَقَّہَ فِي الدِّیْنِ“․ (سنن الترمذي، کتاب الصلاة، أبواب الوتر،
فضل الصلاة علی النبي، رقم الحدیث: ۴۸۷)
اللہ رب العزت زندگی کے ہر ہر
شعبے میں احکامات معلوم کر کے ان پر عمل پیرا ہونے کی توفیق
عطا فرمائے،آمین
”اللھم انفَعْنا بما علّمْتَنا
وعلِّمْنا ما یَنفَعُنا وارزُقْنا علماً تنفَعُنا بہ“․
No comments:
Post a Comment