Search This Blog
Showing posts with label ETIQUETTES. Show all posts
Showing posts with label ETIQUETTES. Show all posts
Friday, 7 December 2012
Sunday, 2 December 2012
ISLAM KA ZABTAE JANG اسلام کا ضابطۂ جنگ
| اسلام کا ضابطۂ جنگ عبدالرحمٰن مخلص
جنگ وجدال کی طرف رُجحان انسان کی فطرت میں ملا ہواہے جس کو علمِ نفسیات یعنیPsychology میں Instinct of gregariousness یا ’’جبلت جنگجوئی‘‘ کہاجاتا ہے۔ اس لئے حضرت آدم علیہ السلام کا پانچ نفوس پر مشتمل کنبہ بھی اس کے اثر ونفوذ میں آہی گیا۔ آدم ؑ کے بیٹے قابیلؔ نے اپنے بھائی ہابیلؔ کو قتل کردیا اور زمین کی سطح پہلی بار خونِ آدم سے داغدار ہوئی ۔قتل کیوں اور کس لئے ہوا۔ یہ ایک الگ مسئلہ ہے لیکن اُس وقت سے آج تک یہ سلسلہ مسلسل چلا آرہاہے اور یقینی طور سے اس کااختتام ظہورِ قیامت کے ساتھ ہی ہوگا۔ معلوم تاریخ میں اس صفحۂ ہستی پر بہت سی جنگیں لڑی گئیں اور لڑی جارہی ہیں ۔ کہیں دو آدمیوں کے درمیان ، کہیں دو ملکوں یا قوموں کے درمیان لیکن جنگ عظیم اوّل ودوم کے علاوہ ویٹ نام ، کوریا ، بوسنیا ، عراق ، افغانستان اور ہندوپاک کی جنگیں اس کی بدترین مثال ہیں ۔لیکن جو بھی جنگ لڑی گئی یا لڑی جارہی ہے ، اُس میں راست طور سے زر ، زمین ، زَن کا ہاتھ رہاہے ۔اب حرص وہوس اور چودھراہٹ کا عنصر بھی اِس میں شامل ہوگیا ہے ۔ دیکھئے ! میں عالمی چودھری انکل سام سے کہوں گا : ’’سام جی ؔ اللہ کا دیا ہوا سب کچھ تمہارے پاس ہے ۔تم گلوب کے بعید ترین سروں سے دوڑے دوڑے کیوں آرہے ہواور عراق ، شام،ایران ، لیبیا ، یمن ، سوڈان ،مصر، پاکستان ، افغانستان وغیرہ کے معاملات میں اپنی گندی ٹانگ اَڑاتے ہو ؟اگر اُن کے پاس نیوکلیائی ہتھیار میں تو کیا ہوا ؟ کیا خود تمہارے پاس یہ ہتھیار نہیں ہیں ؟ اگر تم رکھ سکتے ہوتو کوئی دوسرا کیوں نہیں رکھ سکتا بلکہ تم ہی تو اس ہتھیار کے بنانے والے اور سب سے پہلے جاپان پر آزمانے والے ہو ۔ اگرتم اس حقیقت کو مانوگے تو تمہارا دھاریوں ستاروں والا پرچم بھی سلامت رہے گااور تمہارا اونچا ٹوپ بھی ! نہ مانوگے تو تمہیںجس طرح آج عراقیوں افغانوں نے کس کے بھینچ لیا ہے اور تم پر ’’بلّی کے منہ میں چھچھوندر، نہ اُگلا جائے نہ نگلا جائے ‘‘ والی مثال صادق آرہی ہے ، اسی طرح اور جگہوں پر تمہارا دامن کانٹوں میں اُلجھ جائے گا اور تم انہیں کانٹوں سے چھُڑانے کی کوشش میں اپنے فطری لباس میں نظر آئوگے ۔ یعنی الف ننگا…!!
بہرحال! میں عرض یہ کر رہا تھاکہ جنگ کا چھوٹے یا بڑے پیمانے پر بپا ہونا فطری ہے ! اس پس منظر میں اسلام نے ایک بہترین اور قابل عمل ضابطۂ جنگ پیش کیا ہے ۔ اگر اس پر عمل کیا جائے ،تو جنگ ، جنگ نہیں لگے گی بلکہ اپنی تمام کراہتوں کے باوجود دوستوں کے درمیان ہاتھا پائی کی حدود کے اندر رہے گی اور ظاہرہے کہ ہاتھا پائی میں چند خراشیں تو لگ سکتی ہیں جن سے خون بھی بہہ سکتاہے لیکن قومیں ،ممالک ،تہذیبیں اور انسانی اقدار تلف نہیں ہوں گی اور خونِ آدم اتنا سستا ہرگز نہیں بنے گا جتنا آج ہے ۔اسلام کا پیش کردہ ضابطۂ جنگ یہ ہے :-
۱-دُشمن کو ہلاک یا زخمی کرنے میں بے رحمی اور اذیت دہی کے طریقوں سے کام نہ لیا جائے ۔
۲-غیر نبردآزما لوگوں کے قتل سے پرہیز کیا جائے ۔خصوصیت کے ساتھ عورتوں ، بچوں ، نابینائوں ، درویشوں ، راہبوں ، بوڑھوں ، اپاہجوں او رفاتر العقل لوگوں کو ہرگز قتل نہ کیا جائے ۔
۳- کسی انسان کی شکل وصورت کو بگاڑنے کی کوشش نہ کی جائے ۔یہاں تک کہ حیوانوں کی بھی شکل نہ بگاڑی جائے ۔
۴- قتلِ عام سے پرہیز کیا جائے ۔
۵- خوراک کے لئے جس قدر جانور درکارہوں ،اُس سے زیادہ ذبح نہ کئے جائیں ۔
۶-سرسبز کھیتوں کو برباد نہ کیا جائے اور آگ لگانے سے پرہیز کیا جائے ۔
۷-دشمن سے جو عہد کیا جائے ،اُسے پورا کیا جائے ۔ عہدشکنی کسی بھی حالت میں نہ کی جائے ۔
۸-گرفتار شدہ عورتوں سے دُور رہا جائے ۔خلاف ورزی کرنے والے سپاہی کو عبرت انگیز سزا دی جائے ۔
۹- کسی ایک شخص کے جرم میں اس کی اولاد کو سزا نہ دی جائے ۔
۱۰-تاجروں ،سوداگروں ،ٹھیکیداروں ،ڈاکٹروں اور زخمیوں کی دیکھ بھال کرنے والے لوگوں کو قتل نہ کیا جائے ۔
۱۱-کسی انسان یا حیوان کو زندہ نہ جلایا جائے ۔ نیز دشمن کا سر قلم نہ کیا جائے ۔
۱۲-جنگی قیدیوں پر زیادتی نہ کی جائے ۔اُن کو وہی غذا کھانے کو دی جائے جو فاتح لشکر کے مسلمان سپاہی کھاتے ہوں ۔
اس ضابطۂ جنگ کا اظہار حضرت ابوبکرصدیقؓ نے اپنے دورِ خلافت میں اُس وقت بھی تفصیل سے کیا تھا جب وہ حضرت اسامہ بن زیدؓ کے لشکر کو روانہ کرنے کے لئے اُن کے ساتھ مدینہ کے باہر تک اس حالت میں چل کے گئے تھے کہ حضرت اسامہؓ ، جو کہ ایک ’’غلام‘‘ نوجوان سالار تھے اور انہیں خود سرورِ دوعالم صلی اللہ علیہ وسلم نے بہ نفس نفیس سالارِ لشکر مقرر کیا تھا ، وہ گھوڑے پر سوار تھے اور خلیفہ وقت ؓ گھوڑے کی رکابیں تھامے انہیں یہ ہدایات دے رہے تھے ۔
افسوس ! آج ہر طرف ہر کوئی اس ضابطۂ جنگ کے خلاف جارہاہے ۔ جنگ تباہی اور بربادی کی پیغام بر ہوتی ہے لیکن اگر اس ضابطے کوملحوظِ نظر رکھا جائے تو ہمہ گیر تباہی اور غیر انسانی طرزِ عمل سے بڑی حد تک بچا جاسکتاہے ۔ آج انسانیت ہر کوچہ وبازار میں اپنے بال نوچ نوچ کر نوحہ کررہی ہے اورانسان سر سے پائوں تک خاک وخون میں لتھڑا ہواہے ۔کاش ، سب انسان ’’بنیاد پرست‘‘ بن کر ان اصولوں کی پیروی کریں تو دنیا جنگ وجدال کے درمیان بھی گل و گلزار لگے گی ۔لیکن نہ جانے آج کے انسان کو انسانی خون پینے کی لت کیوں پڑی ہوئی ہے حالانکہ خون نجس اور حرام ہے۔ خونِ ناحق بہانا اللہ اور رسول صلی اللہ علیہ وسلم کو کس قدر مبغوض اور ناپسند ہے ،اس کا واشگاف اظہار قرآن وحدیث میں متعدد مقامات پر موجود ہے لیکن ہماری نظر اُن فرامین پر جاتی ہی نہیں اوراگر جاتی بھی ہے تو سرسری طور سے ، جیسے طائرانہ نظر جو زمین کی چیزوں کو دیکھتی تو ہے لیکن اُن کی اصل کو محسوس نہیں کرسکتی !
بہت سال پہلے ہفتہ روزہ اخبار ’’کریسنٹ‘‘ میں کرشن چیتنیہ نامی شخص نے لکھا تھا : ’’…اسلام کے مطابق جارحیت کے ہاتھوں پامال ہونا اور جوابی کارروئی نہ کرنا ایک ناقابلِ عمل اصول ہے ۔ اسلام رحم اورمعافی کی تلقین کرتاہے ۔ وہ یہ بھی کہتاہے کہ بُرائی کا بدلہ بھلائی سے دو مگر یہ نصب العین صرف افراد کے لئے ہے ۔ ایک حکومت مجرموں کومعاف کرکے سماجی نظام کو درہم برہم نہیں کرسکتی ۔ اسی طرح دوسری مخالف طاقت کی جارحیت کے ہاتھوں خاموشی سے پامال ہونا خودکشی کے مترادف ہے۔ گیتا کی طرح قرآن بھی اس کی تعلیم دیتاہے کہ تشدد وجارحیت کا مقابلہ نہ کرنا فرضِ منصبی سے منہ موڑناہے ۔جس نے ظلم پر اپنی مدافعت کی ، وہ مجرم نہیں ہے ۔مگر جنگ کے موقعہ پر اخلاقی ضابطوں کوہاتھ سے نہیں جانے دینا چاہئے ۔ جنگ دفاع کے لئے ہونی چاہئے ، جارحیت کے لئے نہیں۔دُشمنوں کی جارحیت کا مقابلہ کرو مگر حملہ کرنے میں پہل مت کرو۔ خدا جارحیت کوناپسند کرتاہے ۔ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم ایک بہترین سپہ سالار تھے اور اُنہوں نے میدانِ جنگ میں اچھے برتائو کی بہت سی مثالیں قائم کی ہیں …!‘‘
رابطہ:-سیر جاگیر سوپور (کشمیر)
ای میل :- armukhlis1@gmail.comموبائل:- 9797219497
|
Friday, 2 November 2012
WALIDAIN HUSNE SULOOK KE MUSTAHEQ
| والدین حُسنِ سلوک کے مستحق نعیمہ بنت غلام محمد
حضرت عبداللہ بن مسعودؓ کہتے ہیں ’’میں نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھا کون سا عمل خدا کو سب سے زیادہ محبوب ہے ؟‘‘ آپؐ نے فرمایا وہ نماز جو وقت پرپڑھی جائے ‘‘۔ میں نے پوچھا پھر اس کے بعد کون سا عمل خدا کو سب سے زیادہ محبوب ہے ۔آپ صلعم نے فرمایا ’’ماں باپ کے ساتھ حسن سلوک ‘‘ ۔ میں نے پوچھا اس کے بعد ،جواب ملا ’’خداکی راہ میں جہاد کرنا‘‘۔ سبحان اللہ کتنا اجروثواب ہے والدین کے ساتھ حسن سلوک کرنے میں ۔بے شک وہ لوگ بہت نصیب والے ہیں جووالدین کی خدمت کرتے ہیں ۔ ان کے ساتھ محبت اور شفقت سے پیش آتے ہیں ۔ ان کی حق ادائی کرتے ہیں او راپنی دنیا وآخرت کو سنوارتے ہیں۔حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’ ’وہ آدمی ذلیل ہو، پھر ذلیل ہو ، پھر ذلیل ہو ‘‘۔ لوگوں نے پوچھا اے خداکے رسولؐ! کون آدمی؟آپؐ نے فرمایا ’’ وہ آدمی جس نے اپنے ماں باپ کو بڑھاپے کی حالت میں پایا ۔ دونوں کو یا کسی ایک کو اور پھر ان کی خدمت کرکے جنت میں داخل نہ ہوا‘‘۔
یہ اللہ کا کرم ہے اور ہمارے والدین کے بے شمار احسانات ہیں جن کی پرورش اور نگرانی میں ہم پلے بڑھے ہیں اور جس جذبہ ایثار ، محبت اور شفقت سے انہوں نے ہماری رہنمائی کی۔ اس کا تقاضایہی ہے کہ ہم اپنے والدین کی خدمت کریں۔ ان کے شکرگزار رہیں اور اپنے لئے جنت حاصل کریں ۔ ایک اور حدیث میں آیاہے کہ حضرت ابوامامہؓ فرماتے ہیں کہ ایک شخص نے نبیؐ سے پوچھا : یا رسول اللہؐ !ماں باپ کا اولاد پر کیا حق ہے ؟ ارشاد فرمایا ’’ماں باپ ہی تمہاری جنت ہیں اور ماں باپ ہی دوزخ ‘‘یعنی والدین کے ساتھ نیک سلوک کرکے تم جنت کے مستحق ہوں گے ۔ ان کے حقوق کو پامال کرکے تم جہنم کا ایندھن بنو گے ۔اللہ ہم سبھوں کو جہنم کی آگ سے بچائے ۔(آمین)
بزرگی میں والدین خود کو بچوں کی خاص توجہ کا مستحق سمجھتے ہیں کیونکہ وہ جوانی سے لے کر پیری تک اپنے بچے کو ہی اپنا مستقبل اور اپنی محنت کا حاصل سمجھتاہے ۔ جسمانی کمزوری کی وجہ سے وہ خود اپنے لئے کچھ کرنہیں پاتے ہیں اسی لئے ان کے مزاج میں تلخی پیدا ہوتی ہے اور کبھی کبھی وہ ان حالات میں خلاف توقع مطالبے کرنے لگتے ہیں ۔لیکن اولاد کو پھر بھی یہ حق نہیں بنتا کہ اپنے والدین کے ساتھ تلخی سے پیش آئیں ۔ اولاد کو چاہئے کہ والدین کی خوشنودی حاصل کریں نہ کہ ناراضگی۔
جب کوئی چھوٹا بچہ کسی چیز کو لے کر والدین سے ضد کرتاہے ۔ رو رو کے آسمان سر پر اٹھاتاہے تو والدین اس بچے کو اس کے حال پر نہیں چھوڑتے بلکہ اپنی طاقت کے مطابق یاتو اس کو وہ چیز دے دیتے ہیں یا پھر بڑے پیار سے سمجھا کرچپ کراتے ہیں ۔ چونکہ بچہ بھی تو بے بس اور کمزور ہوتاہے خودکوئی چیز حاصل کرنے کی قوت نہیں رکھتاہے۔اسی لئے والدین کومجبور کرتاہے او راپنا مقصد حاصل کرلیتاہے ۔بالکل ویسے ہی بڑھاپے میں بھی ہوتاہے ۔ خداہمیں والدین کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنے کی توفیق عطا کرے۔ (آمین)والدین ہی ہیں جو ہمیں بچپن میں سہارادیتے ہیں۔ پال پوس کر اچھی تعلیم وتربیت دے کر ہماری سرپرستی فرماتے ہیں اور ماں باپ ہی ہیں جو ہمیں اس قابل بنادیتے ہیں کہ ہم سماج میں عزت اور وقار کے ساتھ زندگی بسر کرتے ہیں ۔ خداتعالیٰ ہم سبوں کواس عظیم نعمت یعنی ’’والدین‘ ‘ کی قدر وعزت کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔ اللہ کرے ہمارے والدین ہمیشہ خوش رہیں اور ہم سے کبھی خطا نہ ہو۔ جس سے والدین کے دل کوٹھیس پہنچے ۔ یا اللہ ہمیں ایسی صلاحیت عطا فرماکہ ہم والدین کی عزت کریں ، ان کی رضا حاصل کریں تاکہ ہمیں دنیا وآخرت کی سعادت نصیب ہوجائے ۔
|
Friday, 10 August 2012
Subscribe to:
Posts (Atom)

