Search This Blog

Sunday 7 October 2012

KHOOBSURTI KA RAZ - MAKE UP YA MUNASIB GHIZA

خوبصورتی کاراز۔۔۔۔میک اَپ یامناسب غذا

میر تقی میرؔ کا ایک شعر ہے   ؎
خوبروسب کی جان ہوتے ہیں
آرزوئے جہاں ہوتے ہیں
حسن خواہ کسی حسین چہرے ، منظر ،تصویریا کسی نمائشی چیز کی شکل میں ہو ، انسان کا اسکی جانب متوجہ ہونا فطری ہے ۔اس طرح خودکو پرکشش بنا کر دوسرو ں کی توجہ حاصل کرنا اسکی شخصیت کا خاصہ ہے…دورِ حاضرہ میںعورت کے ظاہری حسن کو بڑی اہمیت حاصل ہوئی ہے اور شاید یہ خوبی اسکی ’’تمام خامیوں پر پردہ ڈال دیتی ہے ‘‘۔ آجکل کے زمانے میں مرد اور عورت دونوں کی یہ شدید خواہش ہوتی ہے کہ وہ دوسروں سے زیادہ پرکشش اور منفرد ہوں لیکن خواتین میں یہ جذبہ زیادہ شدت سے موجود ہوتاہے کیونکہ زیادہ سے زیادہ خوبصورت اور پرکشش نظر آنا ہر عورت کی خواہش ہوتی ہے۔ اس خواہش کی تکمیل کے لئے کمسن لڑکیاں اور عورتیں مختلف آرائشی ٹوٹکوں اور حربوں پر کثیر رقم خرچ کرتی ہیں ،وہ مختلف اقسام کا سامانِ آرائش استعمال کرکے اپنا رنگ و روپ وقتی طور بدلنے میں کامیاب تو ہو جاتی ہیں لیکن بنائو سنگھار حسن بڑھانے کاایک وقتی اور عارضی سہارا ہے ۔ خوبصورتی کیا ہے ؟ اسکی بہت ساری تعریفیں ہیں ، شاید اسکی موزوں تعریف یہ ہے ’’ خوبصورتی دیکھنے والے کی آنکھوں میں ہوتی ہے ‘‘ یا ’’خوبصورتی جلد کے نیچے پوشیدہ ہوتی ہے‘‘ ۔ طبّی نقطہ نگار سے خوبصورتی کے لئے بنیادی چیز صحت ہے ۔ آج کل کے معاشرے میں اکثر خواتین ظاہری آن بان کا تو بہت خیال رکھتی ہیں لیکن اپنی صحت کی طرف بہت کم توجہ دیتی ہیں ۔ نو ے فیصد کشمیری خواتین خون کی کمی میں مبتلا ہیں اسلئے ان کے چہرے باکل زرد یا زیادہ سفید نظر آتے ہیں وہ میک اپ سے چہرے کی رنگ روپ کوبدلنے میں کامیاب ہوجاتی ہیں لیکن خون کی کمی کو پورا کرنے کے لئے کوئی قدم نہیں اٹھاتی ہیں ۔ہمارے ہاں متوازن اور موزوں غذا کھانے کی طرف بہت کم توجہ دی جاتی ہے جبکہ اچھی غذا نہ صرف صحت اور خوبصورتی کیلئے ضروری ہے بلکہ یہ ہمیں بیماریوں سے بھی محفوظ رکھتی ہے ۔ اگر صحت اچھی نہ ہو تو میک اپ بھی اس کمی کو بطور کُلّی پور انہیں کرسکتا بلکہ یہ تصنع نظر آتاہے ۔ اچھی صحت ہی خوبصورتی کی بنیاد ہے ۔
ایک متوازن غذا جس میں حیاتین (وٹامن)اور معدنیات موجود ہوں، آپ کی جلد کو ایک نیا ،تازہ اور خوبصورت رنگ بخشنے میں کامیاب ہو سکتی ہے۔’’حسن کی دنیا‘‘ سے تازہ ترین خبروں سے اشارہ ملتاہے کہ جلد کی خوبصورتی کے لئے وٹامنز اور معدنیات ایک اہم رول ادا کرتے ہیں ۔تازہ ترین تحقیقات سے ثابت ہوا ہے کہ جلد کی خوبصورتی بنائے رکھنے میں منع تکسیدی اجزائ لازمی ہیں۔ ان کے استعمال سے عمر رسیدگی کو ٹالا جاسکتاہے اور جلد کی  جھریوں اور دوسری بیماریوں سے نجات پایئی جاسکتی ہے ۔ یہ مانع تکسیدی اجزاء قدرتی غذائوں ،میوہ جات او رتازہ سبزیوں میں وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں اورپھر قدرتی غذا میں حسن وشباب کی افزائش کے بڑے ہی عجیب نسخے ہیں ۔ اب آپ کا سوال ہوگا کہ جلد کی خوبصورتی کے لئے کونسا تغذیہ ضروری ہے؟ امریکن اکاڈمی آف ڈرماٹولوجی کی رپورٹ کے مطابق جلد کی خوبصورتی کیلئے درج ذیل وٹامنز اور معدنیات لازمی ہیں ۔ ان کے استعمال سے آپ کی جلد کا رنگ نکھرے گا اور آپ خوبصورت نظر آنے لگیں گی۔
وٹامن سی:
ماہرین امراض جلد کی جدید ترین تحقیق کے مطابق وٹامن سی جلد کو آفتاب کی شعاعوں کے مضر اثرات سے بچاتاہے ۔انسان کے جسم کی جلد کو آفتابی شعائوں ، ماحولیاتی آلودگی اور دھوئیں سے پڑنے والے مضر اثرات کوزائل کرنے میں یہ وٹامن انتہائی اہم رول ادا کرتاہے ۔ جسم میںتوڑپھوڑ کی کارروائیوں سے پیدا ہونے والے مضر اشیاء کے اثرات سے بچانے میں یہ وٹامن کارروائی کرکے جلد کو عمر رسیدگی کے علائم اور جھریوں سے نجات دلاتاہے ۔ اسلئے ہرروز یہ تعین کرلیں کہ آپ کی غذا میں اس وٹامن کی طبعی مقدار موجود ہے۔ تازہ سبزیوں اور رس دار میوہ جات کا استعمال آپ کو وٹامن سی کی بھر پور مقدار بہم پہنچا سکتاہے ۔ اگر کسی وجہ سے آپ تازہ سبزیاں اور میوہ جات استعمال نہیں کرپاتے تو متبادل ذریعہ (وٹامن سی کی گولیاں)استعمال کرکے جسم کواس وٹامن کی طبعی مقدار بہم پہنچائیں ۔ آپ ہر روز سوملی گرام وٹامن سی کی گولیاں چبا سکتے ہیں یا پھر اپنے جلد پر وٹامن سی کریم لگا سکتے ہیں تاکہ آپ کی جلد جھریوں سے آزاد رہے اور آپ خوبصورت نظر آئیں ۔ ایک بات کا خیال رکھیں ، صرف ایل ۔اسکاریک ایسڈکریم ہی استعمال کریں کیونکہ صرف اسی صورت میں یہ کریم آپ کے جلد کی زیریں تہوں تک پہنچ پاتی ہے۔
وٹامن ای:
تحقیق سے ثابت ہواہے کہ وٹامن سی کی طرح یہ وٹامن بھی جلد کی تازگی اور خوبصورتی کے لئے بے حد ضروری ہے ۔ سائنس دانوں کی مختلف تحقیقات سے ثابت ہواہے کہ ہر روز چار سو یونٹ وٹامن ای لینے سے نہ صرف جلد کی جھریاں غائب ہوجاتی ہیں بلکہ جلد کے سرطان سے بھی بچا جاسکتاہے ۔ وٹامن ای کے روزانہ استعمال سے جلد کی رنگت نکھرتی ہے اور عمر رسیدگی کے علائم دور ہوجاتے ہیں لیکن ڈاکٹروں نے متنبہ کیا ہے کہ اس کا حد سے زیادہ استعمال خطرے سے خالی نہیں اسلئے روزانہ 400 IUسے زیادہ وٹامن  -سی استعمال کرنا مناسب نہیں ہے ۔
وٹامن اے:
یہ وٹامن تازہ سزیوں اور میوہ جات میں پایا جاتا ہے اسلئے اگر آپ روزانہ سبزیوں اور پھلوں کا استعمال کرتے ہیں تو دوائی کی صورت میں استعمال کرنا مناسب نہیں ہے ۔ اس وٹامن کی کمی سے جلد خشک اوربے رنگ ہوجاتاہے ۔ چہرے کی چمک دمک ماند پڑ جاتی ہے کیونکہ یہ وٹامن جلد کی ساخت اور رنگت بنائے رکھنے میں اہم رول ادا کرتاہے…اگر جلد پر جھریاں پڑی ہوں اور جلد پرخشکی کے علاوہ دانے ظاہر ہونے لگیں تو کریم کی صورت میں وٹامن اے استعمال کریں ۔ ا س کریم کا نام RETIN-Aہے ، اسے استعمال کرنے سے چہرے کی جلد پر مثبت اثرات پڑتے ہیں لیکن بہتر ہے کہ اس وٹامن کو قدرتی غذائوں سے حاصل کیا جائے ۔
وٹامن ب کمپلیکس:
جہاں تک جلد کا سوال ہے ، سب سے ضروری وٹامن بیوٹیں (وٹامن -ب) ہے جو جلد ، ناخنوں اور بالوں کے لئے بنیادی ضرورت ہے ۔ اس کی کمی سے جسم کے مختلف حصوں میں جلد پرورم کی شکایت لاحق ہوتی ہے اور جلد کھردری ، اور خشک ہونے لگتی ہے اسکے ساتھ ساتھ بال بھی جھڑنے لگتے ہیں ۔ اس وٹامن کی معمولی کمی سے بھی جلد کی بیماری کے علائم ظاہر ہونے لگتے ہیں ۔ یہ وٹامن جسم میں خودبخود پیدا ہوتاہے اور یہ انڈوں ، کیلوں اور چاول میں بکثرت موجودہوتاہے ۔اگر یہ غذائیں میّسر نہ ہوں یا استعمال نہ کی جارہی ہوں تو کریم کی صورت میں استعمال کرنے سے یہ جلد کو تروتازہ رکھنے میں مدد کرسکتاہے ۔ کریم کی صورت میں استعمال کرنے سے یہ جلد کے کھردرے پن اور التہاب  کو بھی دور کرتاہے ۔
وٹامن کے:
یہ وٹامن جسم میں خون کو منجمد کرنے میں اہم رول ادا کرتاہے لیکن حالیہ تحقیقات سے ثابت ہوا ہے کہ آنکھوں کے گرد سیاہ حلقے نابود کرنے میں یہ وٹامن اہم رول ادا کرتاہے ۔
معدنیات جوجلد کی خوبصورتی کے لئے ضروری ہیں ۔
ماہرین طب کا مانناہے کہ قلیل مقدار میں لازم معدنیات کا مصنوعی طریقے سے استعمال کرنا ضروری نہیں کیونکہ یہ معدنیات مختلف غذائوں کے ذریعے ہمارے جسم کے اندر رسائی حاصل کرتے ہیں ۔ یہ سچ ہے کہ اگر آپ چشموں کا پانی استعمال کریں یا اسی پانی سے روزانہ نہالیں تو اس پانی میں شامل معدنیات ہمارے جسم کی جلد تک پہنچ جاتے ہیں اور ہماری جلد تروتازہ ہونے کے ساتھ ساتھ نکھر کر خوبصورت ہوجاتی ہے ۔لیکن دورِ حاضر میں ایسا ممکن نہیں اسلئے درج ذیل معدنیات کا طبعی مقدار میں لینا ضروری ہے ۔
سیلینیم:سائنسدانوں کی رائے ہے کہ یہ معدن سرطانِ جلد سے بچاتاہے ۔ غذائی یا دوائی کی صورت میں استعمال کرنے سے یہ جلد کو آفتابی شعاعوں کے مضر اثرات سے بچاتاہے ۔ اگر آپ کا زیادہ تر وقت آفتاب کی روشنی میں گزرتاہے تو یہ معدن آ پکو آفتابی کرنوں اور سرطان سے بچاسکتاہے ۔ چاول ، انڈوں اور لہسن میں اس معدن کی وافر مقدار موجود ہوتی ہے ۔
تا نبا:
محققین کی رائے ہے کہ یہ معدن جلد کی نشوونما اور ساخت کے لئے ضروری ہے ۔ وٹامن سی اور جست کے ساتھ ملکر یہ معدن جلد کی قدرتی بناوٹ کو بنائے اور سجائے رکھنے میں انتہائی اہم رول ادا کرتاہے چونکہ اس معدن کی کمی شاذونادر ہی دیکھنے میں آتی ہے اسلئے متبادل ذرائع سے اسکا استعمال مناسب نہیں ہے ۔
جست:اس معدن کو ’’جلد کا دوست‘‘ نام دیا گیا ہے ۔ یہ معدن چہرے اور کمر کی جلد پر ظاہر ہونے والے دانوں جوش جوانی کی روک تھام کے لئے بے حد ضروری ہے ۔ یہ معدن جانورں کے گوشت میں پایا جاتاہے ۔ اس کا جسم میں طبعی مقدار میں موجود ہونا جلد کی نرمی اور خوبصورتی کے لئے ضروری ہے۔
میک اپ کے اشتہاروں سے زیادہ صحت کے اشتہاروں پر توجہ دینا چاہئے ۔ اچھی  اور مقوی غذا صحت کی ضامن ہے ۔ اگر آپ چہرے کو خوبصورتی کے لئے سرخی پاوڈر ، کریم اور بیوٹی لوشن استعمال کرتی ہیں تو یہ ایک طرح سے آپ اپنے آپ پر ظلم کررہی ہیں کیونکہ یہ چیزیں کیمیائی اجزاء سے تیار کی جاتی ہیں جو مضرِ صحت اثرات رکھتی ہیں ۔ مصنوعی آرائش وزیبائش کو چھوڑ کر حیاتین کا راز اچھی صحت ہے ۔ اگر آپ بہت اچھا میک اپ کرتی ہیں ، بہت اچھے کپڑے پہنتی ہیں لیکن آپ کی صحت خراب ہے تو یہ سب کچھ کرنا بے کارہے ۔ آپ دوسروں کو اپنا نقلی روپ دکھا کر اپنے آپ کو دھوکہ دے رہی ہیں ۔اگر آپ کی صحت اچھی ہے اور جسم میں خون کی کمی نہیں ہے ، دورانِ خون تیز ہے تو چہرے پر ایسی چمک دمک پیدا ہوتی ہے جس کے سامنے سارے میک اپ بے معنی ہیں ۔اچھی خوراک اور گہری نیند آپ کی خوبصورتی کے لئے ضروری ہے ۔ اصلی خوبصورتی کوکسی میک اپ کی ضرورت نہیں پڑتی ، وہ میک اپ کے بغیر بھی دور سے پہچانی جاتی ہے ، اسلئے آپ کی خوبصورتی کا راز مناسب وموزون تغذیہ میں ہے ۔

No comments:

Post a Comment