قرآ ن کی عظمت کہ ویرانے کو سنوارا کلامِ اللہ سے ہدایت طلبی کی شرائط محمد آصف اقبال
وہ دور بھی ایسا ہی تھا:
جس وقت بنی کریم صلی اللہ علیہ وسلم دنیا میں تشریف لائے اور آپؐ نے اسلام کی دعوت پیش کی اس وقت بھی کچھایسے ہیحالات تھے۔بدچلنی اور بدکاری کو نکاح کا درجہ دیا جاتا اور معاشرہ اس طرح کے نکاح کو تسلیم بھی کرتا،بچیوں کو زندہ دفن کر دیا جاتا اور اس میں اپنی بڑائی اور خوبی سمجھی جاتی،قبائیلی عصبیت اپنے عروج پر تھی اورکبھی نہ ختم ہونے والی لڑائیوں کا سلسلہ ہر وقت جاری رہتا،شراب نوشی عام بات تھی جس کے نتیجہ میں بدکاریاں مزید فروغ پاتیں، انسانوں کے انسان ہی غلام تھے،رعایا درحقیقت ایک کھیتی تھی جو حکومت کے لیے محاصل اور آمدنی فراہم کرتی اور حکومتیں اسے لذتوں،شہوتوں،عیش رانی اور ظلم و جور کے لیے استعمال کرتیں،شرک اور بت پرستی اپنے عروج پر تھی، نذرانے اور قربانیاں بتوں کے نام پر پیش کی جاتیں اور حاجت روائی اور مشکل کشائی کے لئے ان سے فریاد اور التجائیں کی جاتیں،سودی لین دین اور معاشی استحصال کا بازار گرم تھا،فال گیری،کاہنوں، نجومیوں کی خبروں پر ایمان اور بدشگونی کا رواج عام تھا،عقیدہ اور فکرکی گمراہیاںاس قدر عام تھیں کہ تصورِ آخرت ایک مذاق بن چکا تھا۔یہ اور قسم کی بے شمار گمراہیاں، ضلالتیں، بدکاریاں اور ظلم وزیادتیں تھیں جن کے نتیجہ میںوہ معاشرتی اور تمدنی سطح پر اخلاقی حدود وقیود سے یکسرعاری تھے۔ساتھ ہی یہودی مذہب محض ریاکاری اور تحکم بن گیا تھا، یہودی پیشوا اللہ کی بجائے خود رب بن بیٹھے تھے۔عیسائیت ایک نا قابل فہم بت پرستی بن گئی تھی،اس نے اللہ اور انسان کو عجیب و غریب طرح سے خلط ملط کر دیا تھا۔باقی ادیان کا حال بھی مشرکین جیسا ہی تھاکیونکہ ان کے دل یکساں تھے،عقائد ایک سے تھے اور رسم ورواج میں ہم آہنگی تھی۔ان ہی حالات میں نزول قرآن کا واقعۂ عظیم رونما ہوا،یہ وہواقعہ تھا جس نے دنیا کی کایا پلٹ دی!
تبدیلیٔ عظیم کا آ غاز:
قرآن وہ فرقانِ عظیم ہے جس نے انسان پر دنیا اور آخرت کی حقیقتوں کو بہت ہی واضح انداز میں کھول کر رکھ دیا ، دنیائے انسانیت کاجم غفیر جن تاریکیوں میں مبتلا تھا اس کے سامنے وہ روشنی منور کی جس کے ذریعہ صراط مستقیم عیاں ہو گئی،کامیابی اور ناکامی کی راہیں متعین کیں اور ذلت ورسوائی سے نکال کر انسان کو عزت وشرف کا مقام بخشا۔اس عظیم تبدیلی کا لازمی تقاضہ تھا کہ انسانوں کے گروہوں پر قرآن کے کچھ حقوق لازم کر دیے جائیں۔ حضرت زید بن ارقم رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے ( ایک بار خطبے میں) ارشاد فرمایا :’’ یہ کتاب الہٰی( تمہارے ہاتھوں میں ) اللہ تعالی کی رسی ہے ، جس نے اس کی اتباع کی وہ راہ ہدایت پر گامزن رہا اور جس نے اسے چھوڑ دیا اس نے راہ ضلالت اختیار کی"(صحیح مسلم)۔معلوم ہوا قرآن حکیم اللہ تعالیٰ کا وہ حقیقی کلام ہے جو اس کے بندوں کی طرف نازل کیا گیا ہے،اب جو شخص اور قوم اس کو مضبوطی سے تھامے گی وہ کامیاب ٹھہرے گی اور جواس کو پس پشت ڈالے گا وہ ہلاک ہو جانے والا ہے۔اسی بات کاتذکرہ کرتے ہوئے اللہ کے رسولؐ نے حج الوداع کے موقعہ پر ایک عظیم مجمع کو خطاب کرتے ہوئے فرمایا:"میں تمہارے درمیان وہ چیز چھوڑ رہا ہوں کہ اگر اسے مضبوطی سے تھامے رہے تو کبھی بھی گمراہ نہیں ہو گے:i) اللہ کی کتاب اورii) اس کے نبیؐ کی سنت‘‘۔ یہ کتابِ عظیم یقینا ہماری ہدایت کی ضامن ہے لیکن ساتھ ہی شرط یہ ہے کہ اس کے حقوق و آداب کو ملحوظ رکھا جائے۔قرآن کے پانچ اہم حقوق ہیں، جن کا جاننا اور ان پر عمل کرنا ہر مسلمان کا فرض ہے۔
پہلا حق اس پر ایمان لانا ہے:
ایما ن والے شخص پر واجب ہے کہ اپنے ایمان کے اقرار واظہار کے لئے اس کتاب کے کلام الہٰی ہونے اور رہتی دنیا تک تمام لوگوں کیلئے کتاب ہدایت ہونے پر ایمان لائے ۔کہا کہ :" اے لوگو جو ایمان لائے ہو، ایمان لاؤ اللہ پر اور اس کے رسول پر اور اس کتاب پر جو اللہ نے اپنے رسول پر نازل کی ہے اور ہر اس کتاب پر جو اس سے پہلے وہ نازل کر چکا ہے۔ جس نے اللہ اور اس کے ملائکہ اور اس کی کتابوں اور اس کے رسولوں اور روزِ آخرت سے کفر کیا وہ گمراہی میں بھٹک کر بہت دور نکل گیا۔"( سورۃ النساء :۱۳۶)۔ ایمان لانے کا ایک مطلب یہ ہے کہ آدمی انکار کے بجائے اقرار کی راہ اختیار کرے ، نہ ماننے والوں سے الگ ہو کر ماننے والوں میں شامل ہو جائے اور اس کا دوسرا مطلب یہ ہے کہ آدمی جس چیز کو مانے اْسے سچے دل سے مانے۔ پوری سنجیدگی اور خلوص کے ساتھ مانے۔ اپنی فکر کو، اپنے مذاق کو ،ا پنی پسند کو ، اپنے رویّے اور چلن کو، اپنی دوستی اور دْشمنی کو ، اپنی سعی و جہد کے مصرف کو بالکل اْس عقیدے کے مطابق بنالے جس پر وہ ایمان لایا ہے۔ آیت میں خطاب اْن تمام مسلمانوں سے ہے جو پہلے معنی کے لحاظ سے ’’ماننے والوں‘‘ میں شمار ہوتے ہیںاور ان سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ دْوسرے معنی کے لحاظ سے وہ سچے مومن بن جائیں۔اسی کے ساتھ یہ بات بھی ایمان کی متقاضی ہے کہ یہ کتاب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی تیئیس سالہ نبوی زندگی پر محیط ہے،یہ کتاب آج بھی بغیر کسی کمی اور زیادتی کے اسی حالت میں ہمارے ہاتھوں میں موجود ہے جس طرح یہ پہلی دفع نازل ہوئی تھی۔اس میں مذکور ہر چیز کی تصدیق کی جائے ، ہر حکم اور ہر نہی کو حق اور عدل و انصاف پر مبنی برحق مانا جائے نیز ا س میں جو چیز حلال ہے اسے حلال اور جو چیز حرام ہے اسے حرام سمجھا جائے،نیز اس کتاب کوقیامت تک کے لئے کتاب ہدایت سمجھا جائے ۔ یہ کتاب آخری رسول محمدؐ پر نازل ہونے والی آخری کتاب اللہ ہے لہٰذااب اسے کسی نبی کی تعلیم منسوخ نہیں کرسکتی ۔
دوسرا حق اس کی تلاوت ہے:
ایمان کالازمی تقاضہ ہے کہ اس کتاب کو پڑھا جائے۔کس طرح پڑھا جائے؟ کہا کہ : "جن لوگوں کو ہم نے کتاب دی ہے، وہ اْسے اس طرح پڑھتے ہیں جیسا کہ پڑھنے کا حق ہے۔ وہ اس پر سچّے دل سے ایمان لاتے ہیںاور جو اس کے ساتھ کفر کا رویہّ اختیار کریں، وہی اصل میں نقصان اْٹھانے والے ہیں" ( سورۃ البقرۃ : ۱۲۱)۔مزید کہا کہ :" اس قرآن کو ہم نے تھوڑا تھوڑا کر کے نازل کیا ہے تاکہ تم ٹھہر ٹھہر کر اسے لوگوں کو سْناو"(بنی اسرائیل:۱۰۲)۔اسی طرح ایک اور موقع پر ارشاد فرمایا:"اور قرآن کو خوب ٹھہر ٹھہر کر پڑھو"(المزمّل:۴)۔مولانا مودودیؓ اس آیت کی تشریح کرتے ہوئے فرماتے ہیں:" یعنی تیز تیز رواں دواں نہ پڑھو، بلکہ آہستہ آہستہ ایک ایک لفظ زیاد سے ادا کرو اور ایک ایک آیت پر ٹھہرو، تاکہ ذہن پوری طرح کلام الہٰی کے مفہوم و مدعا کو سمجھے اور اس کے مضامین سے متاثر ہو۔ کہیں اللہ کی ذات و صفات کا ذکر ہے تو اس کی عظمت و ہیبت دل پر طاری ہو۔ کہیں اس رحمت کا بیان ہے تو دل جذباتِ تشکر سے لبریز ہو جائے۔ کہیں اس کے غضب اور اس کے عذاب کا ذکر ہے تو دل پر اس کا خوف طاری ہو۔ کہیں کسی چیز کا حکم ہے یا کسی چیز سے منع کیا گیا ہے تو سمجھا جائے کہ کس چیز کا حکم دیا گیا ہے اور کس چیز سے منع کیا گیا ہے۔ غرض یہ قرأت محض قرآن کے الفاظ کو زبان سے ادا کر دینے کے لئے نہیں بلکہ غور و فکر اور تدبر کے ساتھ ہونی چاہیے"(تفہیم القرآن)۔ رسولؐ اللہ کی قرأت کا طریقہ حضرت انسؓ سے پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ آپ الفاظ کو کھینچ کھینچ کرپڑھتے تھے۔ مثال کے طور پر انہوں نے بسم اللہ الرحمن الرحیم پڑھ کر بتایا کہ آپ اللہ ، رحمان اور رحیم کو مد کے ساتھ پڑھا کرے تھے۔ (بخاری) حضرت ام سلمہؓ سے یہی سوال کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ حضورؐ ایک ایک آیت کو الگ الگ کر پڑھتے اور ہر آیت پر ٹھیرتے جاتے تھے، مثلاً الحمد للہ رب العلمین پڑھ کر رک جاتے، پھر الرحمن الرحیم پر ٹھیرتے اور اس کے بعد رک کر ملک یوم الدینکہتے (مسند احمد۔ ابو داؤد۔ ترمذی۔ نسائی)۔حضرت حذیفہ بن یمان ؓکہتے ہیں کہ ایک مرتبہ میں رات کی نماز میں حضورؐ کے ساتھ کھڑا ہو گیا تو آپ کی قرأت کا یہ انداز دیکھا کہ جہاں تسبیح کا موقع آتا وہاں تسبیح فرماتے، جہاں دعا کا موقع آتا وہاں دعا مانگتے ، جہاں اللہ تعالی کی پناہ مانگنے کا موقع آتا وہاں پناہ مانگتے (مسلم، نسائی)۔ حضرت ابوذرؓ کا بیان ہے کہ ایک مرتبہ رات کی نماز میں جب حضورؐ اس مقام پر پہنچے :اگر تو انہیں عذاب دے تو وہ تیرے بندے ہیں، اور اگر تو ان کو معاف فرما دے تو تو غالب اور دانا ہے: تو اسی کو دہراتے رہے یہاں تک کہ صبح ہو گئی (مسند احمد، بخاری)۔معاملہ یہ ہے کہ قرآن کو سمجھ کر پڑھنے سے پڑھنے والے میں یکسر تبدیلی آجاتی ہے لیکن ہائے افسوس ! کہ آج ماہ ِقرآن یعنی رمضان المبارک میں قرآن کے ساتھ ہم کس قدر ظلم کر رہے!ضرورت ہے کہ قرآن کو ویسے ہی پڑھا جائے جیسا کہ اس کو پڑھنے کا حق ہے۔
تیسرا حق اس پر عمل ہے:
کتاب پر ایمان لے آئے، اس کا مطالعہ بھی کیا، اب لازم آتا ہے کہ اس پر عمل بھی کیا جائے۔کیونکہ ایمان اورعلم رکھنے کے باوجوداگر عمل نہ کیا تو حامل قرآن کی مثال بھی ان ہی لوگوں جیسی ہوگی جن کا تذکرہ فرماتے ہوئے کہا کہ:"جن لوگوں کو توراۃ کا حامل بنایا گیا تھا مگر انہوں نے اس کا بار نہ اٹھا یا، ان کی مثال اس گدھے کی سی ہے جس پر کتابیں لدی ہوئی ہوں۔"(الجمعۃ:۵)۔اس آیت کے عام معنی یہ ہیں کہ جن لوگوں پر توراۃ کے علم وعمل، اور اس کے مطابق دنیا کی ہدایت کا بار رکھا گیا تھا، مگر نہ انہوں نے اپنی اس ذمہ داری کو سمجھا اور نہ ہی اس کا حق ادا کیا۔ مثال میں گدھے کا تذکرہ کیا ، یعنی جس طرح گدھے پر کتابیں لدی ہوں اور وہ نہیں جانتا کہ اس کی پیٹھ پر کیا ہے ، اسی طرح یہ توراۃ کو اپنے اوپر لادے ہوئے ہیں اور نہیں جانتے کہ یہ کتاب کس لئے آئی ہے اور ان سے کیا چاہتی ہے۔صورت واقعہ یہ ہے کہ آج حامل قرآن بھی اس سے کچھ مختلف نظر نہیں آتے ،قرآن پڑھتے اور پڑھاتے ہیں ۔اس کے باوجود ان کی انفرادی اور اجتماعی زندگی کے مختلف شعبہ حیات میں اسلامی زندگی کا رنگ نہیںجھلکتا۔یہ پہلو قابل توجہ ہے، خاص کر اِس موقع پر جب کہ رمضان المبارک کے موقع پر قرآن سننے ،پڑھنے اور پڑھانے کا سلسلہ بڑے پیمانہ پر عمل میں آتاہے۔
چوتھا حق اس پر تدبر و تفکر ہے:
قرآن کہتا ہے:"ان کی مثال ایسی ہے جیسے ایک شخص نے آگ روشن کی اور جب اْس نے سارے ماحول کو روشن کردیا تو اللہ نے ان کا نورِبصارت سلب کرلیااور انہیں اس حال میں چھوڑدیاکہ تاریکیوںمیں انہیں کچھ نظر نہیں آتا۔ یہ بہرے ہیں،گونگے ہیں،اندھے ہیں،یہ اب نہ پلٹیں گے۔یا پھر ان کی مثال یوںسمجھو کہ آسمان سے زور کی بارش ہورہی ہے اور اس کے ساتھ اندھیر ی گھٹا اور کڑک اور چمک بھی ہے، یہ بجلی کے کڑاکے سْن کے اپنی جانوں کے خوف سے کانوںمیں اْنگلیاں ٹھونسے لیتے ہیں اور اللہ ان منکرین حق کو ہر طرف سے گھیرے میں لئے ہوئے ہے۔چمک سے ان کی حالت یہ ہو رہی ہے کہ گویا عنقریب بجلی اِن کی بصارت اْچک لے جائے گی۔جب ذرا کچھ روشنی انہیں محسوس ہوتی ہے تو اس میں کچھ دْور چل لیتے ہیں اور جب ان پر اندھیرا چھا جاتا ہے تو کھڑے ہو جاتے ہیں"(البقرہ:۲۰-۱۷)۔اور کہا کہ:" یہ ایک بڑی برکت والی کتاب ہے جو (اے محمدؐ) ہم نے تمہاری طرف نازل کی ہے تاکہ یہ لوگ اس کی آیات پر غور کریں اور عقل و فکر رکھنے والے اس سے سبق لیں "(سورۃ ص:۲۹)۔مزید فرمایا:"کیا اِن لوگوں نے قرآن پر غورنہیں کیا ، یا دلوں پر اْن کے قفل چڑھے ہوئے ہیں؟"(محمد:۲۴)۔سوال یہ اٹھتا ہے کہ یہ اور اس طرح کی مثالیں کیوں دی گئیں ہیں؟ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم قرآن کی ہر ہر آیت پر رک رک کرتدبر و تفکر کریں، اپنا اور حالات کا جائزہ لیں اور فکر و عمل کی راہ کو صحیح خطوط پر متعین کر لیں۔
پانچواں حق اس کی تعلیم و تبلیغ ہے:
ان تمام باتوں کے بعد قرآن کا اگلا حق یہ ہے کہ اس کے پیغام کو عام کیا جائے۔اللہ کے رسولؐ فرماتے ہیں:" تم میں سب سے بہتر وہ ہے جو قرآن سیکھے اور سکھائے"(صحیح بخاری)اور اللہ تعالیٰ متنبہ کرتا ہے کہ:" ایسا کبھی نہ ہونے پائے کہ اللہ کی آیات جب تم پر نازل ہوں تو کْفّار تمہیں اْن سے باز رکھیں۔ اپنے ربّ کی طرف دعوت دو اور ہرگز مشرکوں میں شامل نہ ہو اور اللہ کے سوا کسی دْوسرے معبْود کو نہ پکارو۔ اْس کے سوا کوئی معبْود نہیں ہے۔ ہر چیز ہلاک ہونے والی ہے ،سوائے اْس کی ذات کے۔ فرماں روائی اسی کی ہے اور اسی کی طرف تم سب پلٹائے جانے والے ہو" (القصص:۸۸-۸۷)۔ یہ باتیں کافی ہیں ان لوگوں کے لئے جو ماہ رمضان میں رمضان کے حقوق ادا کرنے کا عہد مصمم کرکے میدان ِ عمل میں سعی و جہد کے لیے خود کو تیار کرچکے ہیں۔پس یہی وہ لوگ ہیں جن کے لیے دنیا و آخرت کی کامیابی لکھ دی گئی ہے۔
maiqbaldelhi@gmail.com
|
Search This Blog
Wednesday 15 August 2012
QURAN KI AZMAT KE VEERANE KO SANWARA
Subscribe to:
Post Comments (Atom)
No comments:
Post a Comment